موجودہ نظام انسانوں نہیں گھوڑوں کو منتخب کرتاہے قاضی فیض

طاہر القادری عوامی ایجنڈے کی بات کرتے ہیں،رشید گوڈیل،تحریک کا آڈٹ ہونا چاہیے، فواد

طاہر القادری عوامی ایجنڈے کی بات کرتے ہیں،رشید گوڈیل،تحریک کا آڈٹ ہونا چاہیے، فواد ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’تکرار‘ میں گفتگو فوٹو : فائل

تحریک منہاج القرآن کے رہنما قاضی فیض نے کہا کہ ہم ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کیلئے نکلے ہیں، چند خاندانوں نے سارے سسٹم پر قبضہ کررکھا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام 'تکرار' میں میزبان عمران خان سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ یہ نظام ڈیڑھ دوفی صد لوگوں کو اسمبلی میں جانے کی اجازت دیتا ہے ،کوئی ٹیکنوکریٹ ، کوئی ڈاکٹر،کوئی وکیل کوئی صحافی لاکھ ٹیلنٹ ہونے کے باوجود اسمبلی میں جانے کی سکت نہیں رکھتا۔ موجودہ سسٹم انسانوں کو نہیں گھوڑوں کو منتخب کرتا ہے ۔ مینار پاکستان میں ہونے والے جلسے سے پاکستان کے عوام کو امید ملی ہے، طاہر القادری اسی مٹی سے تعلق رکھتے ہیں، وہ عوام کی بات کرتے ہیں اور عوام تبدیلی کیلیے اپنی جیب سے پیسے خرچ کررہے ہیں۔


پاکستان کو ایک وکیل نے بنایا اور اب بچانے کیلیے شیخ الاسلام پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے رہنما فواد چوہدری نے کہاکہ جو لوگ موجودہ نظام میں کونسلر نہیں منتخب ہوسکتے وہی اس نظام کو برا کہتے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ انتخابی نظام میں سب سے بڑی ترمیم تو بیسیویں ترمیم ہے، اس وقت طاہرالقادری پاکستان آجاتے لیکن وہ نہیں آئے ۔ منہاج القرآن دنیا بھر میں فلاحی تنظیم کے طورپر رجسٹرڈ ہے، اس کا آڈٹ ہونا چاہیئے کہ یہ اپنی مہم پر پیسہ کہاں سے خرچ کررہے ہیں، وہ اس کا تو بتا نہیں رہے لیکن یہاں تختہ الٹنے کیلیے آگئے ہیں۔ میں بتادوں کہ لانگ مارچ وغیرہ کچھ نہیں ہوگا۔



جے یوآئی (ف)کے رہنما مولانا حافظ حسین احمد نے کہا اگر مان لیا جائے کہ سارا نظام ہی غلط ہے تو پھر الیکشن کیسے ممکن ہے، اس وقت اگرکوئی شخص لاکھوں کی بجائے ہزاروں کے مجمع کے ساتھ بھی شاہراہ دستورپر آجائے تو لازمی بات ہے کہ سارانظام مفلوج ہو جائیگا۔ انتخابات سے قبل کسی لانگ مارچ کے ذریعے تبدیلی لانے کا آئین میں کوئی حق نہیں ہے ۔ میں بنیادی طورپر سمجھتا ہوں کہ ہمیں درمیانی راستہ نکالنا چاہیے۔ ایم کیو ایم کے رہنما عبدالرشید گوڈیل نے کہاکہ پاکستان کا سیاسی نظام ہی ایسا ہے کہ کوئی غریب آدمی الیکشن لڑہی نہیں سکتا، موروثی سیاست کا نظام اس کو پنپنے ہی نہیں دیتا، اگر طاہر القادری عوامی ایجنڈے کی بات کرتا ہے اور ہم نے اس کی تائید کی ہے تو اس میں حرج ہی کیا ہے ۔
Load Next Story