عوامی کالونی تھانے سے 27 چھوٹے مجسمے نیشنل میوزیم منتقل

بدھ تک 395 مجسمے ، مورتیاں اور نوادرات نیشنل میوزیم منتقل کرنے کے بعد جانچ پڑتال شروع کی جائے گی

ضبط شدہ نوادرات میں سے 27چھوٹے مجسمے عوامی کالونی تھانے سے قومی عجائب گھر منتقل کیے جارہے ہیں۔ فوٹو ایکسپریس

کورنگی سے ضبط کی جانے والی گندھارا تہذیب سے تعلق رکھنے والے ہزاروں برس قدیم مجسمے ، مورتیاں ، نوادرات اور دیگر اشیا میں سے 27 چھوٹے مجسمے و دیگر نوادرات کوپولیس نے نیشنل میوزیم کے حوالے کردیا جنھیں نیشنل میوزیم منتقل کردیا گیا ہے، نوادرات کی منتقلی کا کام بدھ تک مکمل کرلیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق7جولائی کی شب پولیس نے حساس اداروں کے ساتھ مل کر کورنگی میں سنگر چورنگی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کنٹینر سے گندھارا تہذیب سے تعلق رکھنے والی ہزاروں برس قدیم مجسمے اور نوادرات برآمد کیے تھے ، گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ابراہیم حیدری میں گودام پر چھاپہ مارکر مزید قدآور مجسمے برآمد کیے گئے تھے۔


پولیس نے تمام نوادرات عوامی کالونی تھانے میں رکھے ہوئے تھے جہاں وہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہورہے تھے،محکمہ آثار قدیمہ نے ان کی جانچ پڑتال کے لیے عدالت سے رجوع کیا ، عدالتی حکم کے بعد ہفتہ کو محکمہ آثار قدیمہ اور نیشنل میوزیم کے حکام پر مشتمل 7 رکنی کمیٹی عوامی کالونی تھانے پہنچی جہاں انھوں نے ہفتہ کو 27 چھوٹے مجسمے ، نوادرات و دیگر اشیا لے کر نیشنل میوزیم منتقل کردیں۔

ڈائریکٹر آرکیالوجی قاسم علی قاسم نے ایکسپریس کو بتایا کہ محکمہ آثار قدیمہ نے فی الحال 27 مجسمے نیشنل میوزیم میں منتقل کیے ہیں،انھوں نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ بدھ تک تمام 395 مجسمے ، مورتیاں اور نوادرات نیشنل میوزیم منتقل کردیں تاکہ اس کے بعد ان کی جانچ پڑتال کا کام شروع کیا جاسکے ، قاسم علی قاسم کا کہنا تھا کہ جن نوادرات کے اصل ہونے پر شبہ ہوگا انھیں ایگزامن کیا جائے گا جس کے بعد ہی تمام نوادرات کے اصل ہونے کے بارے میں حتمی رپورٹ پیش کی جائے گی ۔

Recommended Stories

Load Next Story