سوئی گیس کی بندش کیخلاف مشتعل مکینوں کا دھرنا

مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ اسکول،کالج اور روزگار پر جانے والوں کو گیس نہ ہونے کی وجہ سے صبح ناشتہ نہیں مل پاتا

لائنزایریا کے مکین سوئی گیس کی عدم فراہمی کے خلاف نمائش چورنگی پرٹائر جلاکر دھرنا دے رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

لائنز ایریا میں سوئی گیس کی عدم فراہمی نے گذشتہ کئی روز سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا۔

مشتعل مکینوں نے تیسری بار نمائش چورنگی پر احتجاج کرتے ہوئے سوئی گیس کی فراہمی کا مطالبہ کیا، اس موقع پر خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی ، مشتعل افراد نے ٹائر نذر آتش کر کے ٹریفک معطل کر دیا جس کے باعث نمائش سمیت ملحقہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا ، تفصیلات کے مطابق لائنز ایریا کے مکینوں نے نمائش چورنگی پر تیسری بار سوئی گیس کی عدم فراہمی پر احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے دیا، اس موقع خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی جو سوئی گیس کی فراہمی کے لیے نعرے لگا رہی تھیں ، مشتعل افراد نے ٹائر نذر آتش کر کے نمائش چورنگی پر ٹریفک معطل کر دیا۔

اس موقع پر خواتین کا کہنا تھا کہ علاقہ مکین سوئی گیس کی عدم فراہمی کے باعث گذشتہ کئی روز شدید مشکل سے دوچار ہیں اور اس صورتحال نے روز مرہ کے معمولات زندگی متاثر کردیے ہیں،اپنی شکایات لے کر سوئی گیس کے دفاتر کے چکر لگائے تاہم کہیں کوئی شنوائی نہیں ہو سکی ، مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ ہمیں احتجاج پر مجبور کیا جا رہا ہے اور انتہائی مجبوری کے عالم میں آج تیسری بار علاقہ مکین احتجاج کے لیے نکلے ہیں کہ شاید حکام ہماری فریاد سن لیں اور وہ سوئی گیس حکام سے بات کر کے ہماری پریشانی کو دور کرائیں تاہم ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان پر ہماری التجاؤں اور فریاد کا کوئی اثر نہیں ہو رہا اور لائنز ایریا کے مکینوں کو سوئی گیس حکام کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔




مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ اسکول،کالج اور روزگار پر جانے والوں کو گیس نہ ہونے کی وجہ سے صبح ناشتہ نہیں مل پاتا جبکہ کئی بچے تو بغیر ناشتے کے ہی اسکول چلے جاتے ہیں جبکہ دوپہر اور رات کا کھانا ہوٹلوں سے خریدنا پڑ رہا جبکہ کچھ افراد مہنگے داموں ایل پی جی سلنڈر خرید کر کام چلانے کی کوششیں کر رہے ہیں جس کی وجہ سے انھیں اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

نمائش چورنگی پر احتجاج کے باعث گرومندر ، سولجر بازار ، نیو پریڈی اسٹریٹ ، تبت سینٹر ، ایمپریس مارکیٹ ، ریگل چوک اور ملحقہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جس میں ایمبولینسیں بھی پھنسی رہیں اس موقع پر ٹریفک پولیس ٹریفک کنٹرول کرنے کے بجائے وہاں سے غائب ہوگئی ، ہنگامہ آرائی کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مشتعل افراد کو گیس کی فراہمی کی یقین دہانی کے بعد منتشر کر دیا،تاہم جام ہونے والی ٹریفک کو بحال ہونے میں کئی گھنٹے لگے اور شہری بدترین ٹریفک جام میں پھنسے رہے۔
Load Next Story