لیاقت آباد میں عمارت اور لائنز ایریا میں دکان کی چھت گرنے سے 9افراد زخمی

حادثےکےوقت لیاقت آباد تھانےکے پولیس اہلکاروہاں موجود مزدوروں سےبجری باہر ڈالنے پران سے پیسےمانگ رہے تھے،عینی شاہدین.

لیاقت آباد میںگرنے والی رہائشی عمارت کا ملبہ پڑا ہے جبکہ رضاکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

لیاقت آباد میں2 منزلہ رہائشی عمارت اور لائنز ایریا میں دکان کی چھت گرنے سے 9 افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد نمبر5میں 2منزلہ مکان نمبر20 زمین بوس ہو گیا جس کے نتیجے میں برابر والا مکان نمبر19بھی زمیں بوس ہو گیا جبکہ مکان نمبر18کو بھی نقصان پہنچا ، اطلاع ملنے پر پولیس ، فائر بریگیڈ ، شہری حکومت ، چھیپا ، ایدھی ، خدمت خلق فاؤنڈیشن کی ایمبولینسیں موقع پر پہنچ گئیں تاہم عمارت گرنے سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ،مکان نمبر20میں موجود تمام قیمتی سامان تباہ ہو گیا جبکہ مکان نمبر18میں موجود سامان کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

پولیس کے مطابق زیر تعمیر مکان آفتاب احمد نامی شخص کا ہے جس میںکھدائی کا کام ہو رہا تھا کہ کھدائی زیادہ گہری ہو جانے سے محمد وزیر ولد محمد رفیق کی2 منزلہ رہائشی عمارت بنیادیں کھوکھلی ہو جانے سے زمین بوس ہو گئی ، محمد وزیر نے پولیس کو بتایا کہ اس نے اور اس کے اہلخانہ نے بغیر چپلوں کے مکان سے نکل کر اپنی جان بچائی جبکہ گھر کی خواتین دوپٹہ تک نہیں اٹھا سکیں۔




عینی شاہدین کے مطابق جس وقت عمارت گری اس وقت لیاقت آباد تھانے کی پولیس موبائل زیر تعمیر مکان کے سامنے کھڑی تھی اور پولیس اہلکار وہاں موجود مزدوروں سے بجری باہر ڈالنے پر ان سے مبینہ طور پر پیسے مانگ رہے تھے۔



جبکہ بریگیڈ تھانے کی حدود لائنز ایریا نرسری روڈ توحید چوک کے قریب فرج ایئرکنڈیشن کے کمپریسر کی مارکیٹ میں واقع عابد حسین کی کمپریسر کی دکان کی بالائی منزل پر شٹرنگ کے کام کے دوران چھت گرنے سے ملبے کے نیچے دب کر28 سالہ عرفان ولد سعید ، 17 سالہ فیصل ولد جمال30 سالہ حسین ولد اکبر ،کمال ولد انیس ، 30سالہ شاہد ، 25 سالہ جبار ، 17سالہ عمران ، عبد الرزاق اور جمیل زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا، زخمی ہونے والے کمال کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ،پولیس کے مطابق عابد نامی شخص کی کمپریسر کی دکان ہے جس پر چھت بھرائی کے بعد مزدور شٹرنگ اتار رہے تھے ، چھت کمزور تھی جس کے باعث وہ گر گئی ،زخمی ہونے والا کمال دکان کے مالک عابد کا بھائی ہے۔

 
Load Next Story