تاجر سے بھتہ لینے کیلیے آنیوالے 5ملزمان مقابلے کے بعد گرفتار

ملزمان کے قبضے اور نشاندہی پر بڑی تعداد میں اسلحہ ، موٹر سائیکلیں اور گولیاں برآمد،ڈیفنس فیز ون مین میںمقابلے ہوا.

لیاری گینگ وار کے انتہائی مطلوب ملزمان ڈیفنس میں رہائش پذیر کپڑے کے تاجر سے بھتے کی رقم وصول کرنے آئے تھے۔ فوٹو فائل

سی آئی ڈی سول لائن انویسٹی گیشن پولیس نے ڈیفنس میں کپڑے کے تاجر سے بھتہ طلب کرنے کے لیے آنے والے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے زخمی سمیت 5 ملزمان کو مقابلے کے بعد گرفتار کر کے ان کے قبضے اور نشاندہی پر بھاری تعداد میں اسلحہ ، موٹر سائیکلیں اور گولیاں برآمد کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق ایس پی سی آئی ڈی انویسٹی گیشن مظہر مشوانی نے پولیس پارٹی کے ہمراہ ڈیفنس فیز ون مین کورنگی روڈ پر مقابلے کے بعد زخمی ملزم لقمان اور اس کے دیگر 4 ساتھیوں سہیل، شعیب ، ندیم اور حافظ کو گرفتار کر کے 5 ٹی ٹی پستول برآمد کرلیں ، مظہر مشوانی نے بتایا کہ لیاری گینگ وار کے انتہائی مطلوب ملزم حمید پٹھان کے کارندے ڈیفنس میں رہائش پذیر کپڑے کے تاجر سے بھتے کی رقم وصول کرنے آئے تھے، جو کہ 30 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔

 




انھوں نے بتایا کہ ملزمان کی نشاندہی پر منگھوپیر میں چھپایا گیا اسلحہ جس میں 3 رائفل گرنیڈ ، ایک کلاشنکوف ، 2 نائن ایم ایم پستول ، 3 رپیٹر گن ، مختلف اقسام کی درجنوں گولیاں اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئی ہیں، جس میں ایک گارڈن کے علاقے سے چھینی گئی تھی ، انھوں نے مزید بتایا کہ ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور اس سے قبل بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔

مظہر مشوانی نے بتایا کہ گروہ کا سرغنہ اپنے کارندوں کے ذریعے تاجروں ، صنعت کاروں اور دیگر کاروباری شخصیات کو خوفزدہ کرنے کے لیے ان کے گھروں پر دستی بم پھینکواتا تھا تاکہ بھتے کی رقم آسانی سے حاصل کی جا سکے ، انھوں نے بتایا کہ گروہ کے سرغنہ حمید پٹھان کی گرفتاری کے لیے سی آئی ڈی پولیس چھاپے مار رہی ہے جبکہ گرفتار ملزم شعیب چند روز قبل منگھوپیر میں رینجرز سے مقابلے میں بھی نامزد ہے ۔
Load Next Story