بجلی کے بعد سوئی گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے

گیس کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل میں ناکامی پر وزیر پیٹرولیم کو برطرف کیا جائے.

حکومت نے عوام کو پتھر کے دور میں پہنچانے کا تہیہ کیا ہوا ہے ،محمد حسین محنتی۔ فوٹو: فائل

جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کراچی کے بیشتر علاقوں میں سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوں لگتا ہے جیسے حکومت نے عوام کو پتھر کے دور میں پہنچانے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔

عوام پہلے ہی سی این جی بندش سے پریشان ہیں،اب گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑجانے سے عوام دہرے عذاب کا شکار ہو گئے ہیں، صدر اور وزیراعظم پٹرولیم و گیس کے وزیر کی نااہلی کا نوٹس لیں اور گیس کے مسئلے سے عوام کو فوری نجات دلائیں، ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ موجودہ اتحادی حکومت ہر شعبے میں اور ہر سطح پر مکمل طور پر ناکام ثابت ہو ئی ہے،حکمرانوں نے عوام کو ناخواندگی ،صحت کی سہولیات کی عدم فراہمی ،غربت ، بے روزگاری، بدامنی ،ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور توانائی بحران کے تحفے دیے ہیں۔

 




شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے،انھوں نے کہاکہ عوام پہلے ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے پریشان ہیں جس پر قابو تو پایا نہیں جاسکا، اب سی این جی کی بندش اور سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کو سخت ذہنی اذیت سے دوچار کردیا ہے ،انھوں نے کہاکہ ملک میںگیس کی وافر مقدار موجود ہے مگر حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے عوام ضروریات زندگی اور بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہوتے جارہے ہیں۔

سی این جی اسٹیشنز اور صنعتوں کو گیس کی فراہمی منقطع ہونے کے باوجودگھریلو صارفین کو گیس کی لوڈ شیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے،محمد حسین محنتی نے صدر زرداری اور وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سے پرزور مطالبہ کیا کہ سی این جی بندش اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے،گیس کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل میں ناکامی پر وزیر پیٹرولیم کو برطرف کیا جائے۔
Load Next Story