وانا میں یوم سیاہ ملا نذیرکی ہلاکت کیخلاف ہزاروں افراد کی امریکا مخالف ریلی

شدید نعرے لگائے، بازاربند، سیاہ پرچم لہرائے گئے، امریکا سے احتجاج کیا جائے، قرارداد منظور

شدید نعرے لگائے، بازاربند، سیاہ پرچم لہرائے گئے، امریکا سے احتجاج کیا جائے، قرارداد منظور فوٹو: رائٹرز

جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں طالبان کمانڈر ملانذیر کی ڈرون حملے میں ہلاکت کیخلاف یوم سیاہ منایا گیا اور ہزاروں قبائلیوں نے سیاہ پرچم اٹھاکر وانا سے اعظم ورسک تک ریلی نکالی۔

اے ایف پی کے مطابق ہفتہ کو احمد زئی وزیر قبائل اور سلیمان خیل کے تقریباً 3 ہزار افراد وانا میں جمع ہوئے اور ملانذیر کی ہلاکت کیخلاف مظاہرہ کیا ، بعدازاں مظاہرین نے سیاہ پرچم اٹھاکر اعظم ورسک میں ملا نذیر کی قبر تک ریلی نکالی ۔ احتجاج کے دوران وانا، اعظم ورسک اور کڑی کوٹ بازار بند رہے جبکہ مختلف علاقوں میں سیاہ جھنڈے آویزاں کئے گئے، مظاہرین نے امریکا مردہ باد کے نعرے لگائے۔

مقامی انتظامیہ اور سکیورٹی عہدیداروں کے مطابق مظاہرین نے ایک قرارداد بھی منظور کی جس میں کہا گیا ہے کہ ملانذیر دہشت گرد نہیں بلکہ پاکستان کے وفادار تھے ، ان کی ہلاکت خطے میں امن تباہ کرنیکی کوشش ہے، پاکستان اس واقعہ پر امریکی سفیر کو طلب کرکے احتجاج کرے اور ڈرون حملے روکے۔




آئی این پی کے مطابق مظاہرے میں 20 ہزار افراد نے شرکت کی، ملانذیر گروپ کے کمانڈر عین اللہ نے مظاہرے سے خطاب میں کہا کہ ملانذیر کی شہادت پر ہمیں فخر ہے، امریکہ کیخلاف جہاد جاری رکھیں گے ادھر بی بی سی کے مطابق میرانشاہ میں جمعرات کو پہاڑی نالے میں پھینکی جانیوالی 7 لاشوں کو نامعلوم افراد اٹھا کر لے گئے ہیں ، حکام کا کہنا ہے کہ لاشیں طالبان کی ہوسکتی ہیں۔

لوئر کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ مہمند ایجنسی میں پولیٹیکل انتظامیہ نے موٹر سائیکل ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی۔
Load Next Story