عدلیہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کا فیصلہ کب دیگی شرجیل

عوام اور پی پی کارکنان انتظار کررہے ہیں،عدلیہ سے انصاف چاہتے ہیں

کوئی بھی جماعت پیپلز پارٹی کا اکیلا مقابلہ نہیں کرسکتی، میڈیا سے بات چیت۔ فوٹو: فائل

سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عوام اور پیپلز پارٹی کارکنان انتظار کررہے ہیں کہ عدلیہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کا فیصلہ کب سنائے گی۔

عدلیہ کے پاس دیگر کیسوں کے فیصلوں کا وقت تو ہے لیکن بھٹو ریفرنس کے لیے وقت کیوں نہیں ہے؟ پیپلز میڈیا سیل میں میڈیا کے نمائندوںسے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا ہم اس کیس میں عدلیہ سے انصاف چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے، ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کے خلاف مخالفین نے انتخابات میں سیاسی اتحاد قائم کیے اور اب بھی سندھ میں ہماری پارٹی سے مقابلے کے لیے اتحاد قائم کیے جارہے ہیں لیکن ہم کسی اتحاد سے گھبرانے والے نہیں، آئندہ انتخابات میں اپنے سیاسی مخالفین کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔




انھوں نے کہا کہ کوئی بھی جماعت پیپلز پارٹی کا اکیلا مقابلہ نہیں کرسکتی ہے، ہم آئندہ انتخابات کے لیے تیار ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے گذشتہ 5 سال میں مختلف بحرانوں کا مقابلہ کیا ، ہم کسی بحران سے گھبراتے نہیں بلکہ پختہ عزم اور حوصلے کے ساتھ اس کا مقابلہ کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کہیں نہیں جارہی ہم اپنی مدت پوری کریں گے اور آئندہ انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔
Load Next Story