چکرا گوٹھ پر قائم ہائیڈرنٹس جمعہ گوٹھ میں الاٹ

واٹربورڈ کے ایکٹ 1996 کے تحت ایم ڈی واٹربورڈ کو ہائڈرینٹس کی شفتنگ کے اختیارات حاصل نہیں ہیں۔

قانون کے تحت واٹربورڈ ہائیڈرنٹ نیلامی کے ذریعے قائم کرسکتا ہے،۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر نے چکرا گوٹھ پر قائم ایک ہائیڈرنٹس کو قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شفٹنگ کے نام پر جمعہ گوٹھ میں الاٹ کردیا ہے جس کے باعث متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہورہی ہے۔

باخبر زرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کے حکم پر چکرا گوٹھ میں قائم میں ایک ہائیڈرنٹ کو شفٹنگ کے نام پر جمعہ گوٹھ میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ واٹربورڈ کے ایکٹ 1996 کے تحت ایم ڈی واٹربورڈ کو اس نوعیت کے کوئی اختیارات حاصل نہیں ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ قانون کے تحت واٹربورڈ صرف ہائیڈرنٹ نیلامی کے ذریعے قائم کرسکتا ہے تاہم واٹربورڈ میں کافی عرصے سے ٹینڈرنگ کے عمل کے بغیر ہائیڈرنٹ چل رہے ہیں، ذرائع نے بتایا کہ ایک طرف تو واٹربورڈ میں ہائیڈرنٹس کا عمل پہلے ہی خلاف ضابطہ چل رہا ہے جبکہ اپنے من پسند ٹھکیداروں کو نوازنے کیلیے قانون کو مذاق بنادیا گیا ہے۔


 



ذرائع نے بتایا کہ جمعہ گوٹھ میں ہائیڈرنٹ قائم ہوجانے سے پی اے ایف، منظورکالونی، محمود آباد سمیت اطراف کے علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر ہورہی ہے، واٹربورڈ کے افسران کا کہنا ہے کہ اگر نیب اور اینٹی کرپشن اس معاملے کا نوٹس لیں تو نہ صرف اہم انکشافات ہونگے بلکہ آئندہ کسی آفیسر کے لیے کوئی خلاف ضابطہ کام کرنا مشکل ہوجائے گا۔
Load Next Story