آئی پی پیز نے سوئی ناردرن سے 73 کروڑ 58 لاکھ زرتلافی مانگ لیا

گیس سپلائی میں کمی سے بجلی خریدارکی طرف سے صلاحیت کی ادائیگی میں کٹوتی پراقدام

گیس سپلائی میں کمی سے بجلی خریدارکی طرف سے صلاحیت کی ادائیگی میں کٹوتی پراقدام۔ فائل فوٹو

آئی پی پیز نے گیس کی سپلائی میں کمی کی وجہ سے بجلی کے خریدارکی طرف سے صلاحیت کی ادائیگی میں کی جانے والی کٹوتی پرسوئی ناردرن سے 73کروڑ 58لاکھ 70ہزار روپے بطورزرتلافی مانگ لیے ہیں،وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل نے آئی پی پیزکے زر تلافی کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے سمری کی شدید مخالفت کی ہے اور لا ڈویژن نے نقصان کے تعین اور زرتلافی کی ادائیگی کیلیے گیس سُپلائرز،پاور پرچیزر اور آئی پی پیز کے درمیان جوائنٹ ایکسپرٹ میڈیئشن (جے ای ایم)کے ذریعے معاملہ حل کرنے کی تجویز دی ہے۔

نجی پاورکمپنیوں کا کہنا ہے کہ زرتلافی نہ ملا تو مالی مُشکلات کے باعث مُستقبل میں نجی پاور کمپنیوں کیلیے اپنے پاور پلانٹس کو بلا تعطل چلانا مُشکل ہوجائیگا جس سے ملک میں بجلی کا بحران مزید سنگین ہوجائیگا تاہم معاملہ حل کرنے کیلیے وزارت پانی و بجلی نے سمری منظوری کیلیے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھجوادی ہے منگل کو وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہونے والے ای سی سی کے اجلاس میں سمری کی منظوری دینے کاجائزہ لیا جائے گا۔


''ایکسپریس،، کو وزارت پانی وبجلی سے دستیاب دستاویز کے مطابق ای سی سی کو بھجوائی جانے والی سمری میں وزارت پانی و بجلی کی طرف سے سفارش کی گئی ہے کہ گیس سُپلائرز کی طرف سے فروری تا مئی 2011 کے دوران نجی بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کوگیس کی سُپلائی میں کمی کی وجہ سے بجلی کے خریدار کی طرف سے صلاحیت کی ادائیگی میں کی جانے والی کٹوتی کی مد میں ہونے والا آڈٹ شُدہ نقصان پورا کرنے کیلیے ایس این جی پی ایل کی طرف سے آئی پی پیز کو زرتلافی کی ادائیگی کرائی جائے۔

جبکہ دوسری تجویز یہ دی گئی ہے کہ نقصان کے تعین اور نقصان پورا کرنے کیلیے زرتلافی کی ادائیگی کیلیے گیس سُپلائرز،پاور پرچیزر اور آئی پی پیز کے درمیان جوائنٹ ایکسپرٹ میڈیئشن(جے ای ایم)کے ذریعے معاملہ حل کرایا جائے، دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ گیس سُپلائرزکی طرف سے نجی پاور کمپنیوں کو گیس کی سُپلائی میں کمی سے 73 کروڑ 58لاکھ ستر ہزار روپے نقصان ہوا ہے جس میں 23کروڑ42 لاکھ ستر ہزار روپے اورینٹ پاور کمپنی،25کروڑ سولہ لاکھ روپے سفائر اور25کروڑ روپے سیف پاور کمپنی کا نقصان شامل ہے۔
Load Next Story