رجحان ساز اداکار فاروق ضمیر بھی چل بسے

فاروق ضمیر نے طویل فنی سفر کے دوران بڑی تعداد میں ڈراموں اور فلموں میں کام کیا

،فوٹو:

ادب و ثقافت اور فنون لطیفہ کی دنیا کے گوہر نایاب ایک ایک کر کے اس دارِ فانی سے کوچ کر رہے ہیں، گزشتہ سال اور سال نو کے دو ماہ میں ادب' فلم و ٹی وی کے کئی قیمتی جواہرات ہم سے بچھڑ گئے۔ جن میں بانو قدسیہ اور حسین شاد کا حال ہی میں انتقال ہوا۔

جمعرات کو بھی فلم، اسٹیج اور ٹی وی کے صدارتی ایوارڈ یافتہ سینئر اداکار فاروق ضمیر طویل علالت کے بعد 76 سال کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے، مرحوم مختلف بیماریوں میں مبتلا رہنے کے باعث لاہور کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے، کچھ عرصہ قبل انھیں فالج کا اٹیک بھی ہوا جس کے بعد ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی تھی۔


فاروق ضمیر نے طویل فنی سفر کے دوران بڑی تعداد میں ڈراموں اور فلموں میں کام کیا، انھوں نے گورنمنٹ کالج سے آرکیالوجی میں بی ایس سی کی ڈگری حاصل کی تھی، دوران تعلیم ہی ان کا رجحان اداکاری کی طرف ہو گیا تھا۔ اداکاری کے شعبے میں وہ ایک خاص حیثیت کے مالک تھے، کرداروں سے ان کی مطابقت اور مکالمہ نگاری ناظرین کو اپنی جانب کھینچ لیتی تھی، وہ ایک رجحان ساز شخصیت کے مالک تھے۔

فاروق ضمیر ایک اکیڈمی کا درجہ رکھتے تھے، ان کا انتقال فلم و ٹی وی انڈسٹری کا ایک بڑا نقصان ہے۔ مرحوم کے پسماندگان میں بیوہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔ فاروق ضمیر کے انتقال پر ساتھی فنکاروں، پروڈیوسرز اور ہدایتکاروں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اﷲ مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے (آمین)۔
Load Next Story