سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں پہلے سیمسٹرکے امتحانات کا انعقاد

یونیورسٹی کی قانونی حیثیت بحال نہیں ہوئی،امتحانات کی حیثیت کیا ہوگی،طلبا.

یونیورسٹی کی قانونی حیثیت بحال نہیں ہوئی،امتحانات کی حیثیت کیا ہوگی،طلبا. فوٹو ایکسپریس

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ایم بی بی ایس سال اول کے سیمسٹر امتحانات پیرکو یونیورسٹی میں منعقدکیے گئے ۔

جس میں300 سے زائد طالب علموں نے شر کت کی لیکن امتحانات سے قبل بیشتر طالب علموں نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ فرسٹ ایئرکے پہلے سمسٹرکے امتحانات کی قانونی حیثیت کیا ہوگی، کیونکہ حکومت نے سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی قانونی حیثیت بحال نہیں کی، طالب علموں نے کہا کہ یونیورسٹی کے قیام کو6ماہ کا عرصہ گزرگیا ہے۔


اس دوران سندھ اسمبلی کے متعدد اجلاس منعقدہوئے لیکن ان اجلاسوں میں سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے بل کو پیش کیا اورنہ ہی منظور کیاجاسکا جس کی وجہ سے یونیورسٹی میں زیرتعلیم 350 طالب علموںکا مستقبل خطرے میں پڑگیا ، طالب علموں نے کہاکہ حکومت سندھ نے تعلیمی اور صحت کے مسائل کو نظر اندازکردیا ہے، یہی وجہ ہے کہ صوبے میں تعلیم اور صحت کے مسائل ہولناک صورت اختیار کرتے جارہے ہیں۔

طالب علموں نے سندھ جامعات کے چانسلر اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خاں اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علیشاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی قانونی حیثیت بحال کرنے کیلیے اسمبلی کا اجلاس فوری طلب کیا جائے بصورت دیگراحتجاج اور بھوک ہڑتال پر مجبور ہوجائیں گے۔

کیونکہ حکومت سندھ ہمارے مستقبل سے کھیل رہی ہے اگر یونیورسٹی کی قانونی حیثیت سے بحال نہیں کی گئی تو 350طالب علموںکا مستقبل خطرے میں پڑجائے گا، دریں اثناء سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے ملازمین بھی تذبذب کا شکار ہیں ، انھوں نے کہا کہ مجوزہ یونیورسٹی کوتا حال قانونی درجہ نہ ملنے سے یونیورسٹی کی حیثیت مشکوک ہوگئی ہے۔
Load Next Story