فائنل کیلیے پچز کی تیاری میں بھی تیزی آ گئی

ایک ریزرو وکٹ بھی بنائی جائیگی، فائنلسٹ ٹیموں کی پریکٹس کیلیے 12 پچز تیار

بارش کی صورت میں میچ نہ ہو سکا تو دونوں ٹیموں کو چیمپئن قرار دے دیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ فائنل کیلیے پچز کی تیاری میں بھی تیزی آ گئی، ایک ریزرو وکٹ بھی بنائی جائے گی، فائنلسٹ ٹیموں کی پریکٹس کیلیے 12پچز الگ ہوں گی۔

پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ ہوتے ہی قذافی اسٹیڈیم میں کئی روز سے جاری سرگرمیوں میں تیزی آگئی۔ ذرائع کے مطابق کیوریٹر آغا زاہد کی زیرسربراہی پچزکی تیاری کا کام بھی تیز کر دیا گیا ہے، فیصلہ کن معرکے کیلیے 2 پچز تیار کی جائیں گی، ان میں سے ایک ریزرو ہوگی، بورڈ حکام کی طرف سے ہدایات ملنے پر پچ کو سپورٹنگ بنایا جائے گا۔


دوسری جانب ذرائع کے مطابق فائنلسٹ ٹیموں کی لاہور آمد 4 مارچ کو شیڈول ہے، ٹریننگ کیلیے قذافی اسٹیڈیم میں میدان کے دائیں اور بائیں جانب مجموعی طور پر 12پچز تیاری کے آخری مراحل میں ہیں، ان میں سے چند فاسٹ اور دیگر اسپن بولنگ کیلیے موزوں ہوں گی۔

علاوہ ازیں مزید معلوم ہوا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کیلیے ریزرو دن نہیں رکھا گیا،5 مارچ کی شب خراب موسم یا بارش کی صورت میں میچ نہ ہو سکا تو دونوں ٹیموں کو چیمپئن قرار دے دیا جائے گا، ٹرافی 6، 6 ماہ کیلیے پاس رکھنے کا موقع ملے گا۔

 
Load Next Story