ایڈمنسٹریٹربلدیہ عظمیٰ کاجامعہ کراچی کو 2 نئی بسیں دینے کا اعلان

نئے میڈیکل کالج کے قیام کیلیے جامعہ کراچی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ جامعہ کراچی ہم سب کے لیے مادر علمی کا درجہ رکھتی ہے اور اس کی بہتری اور ترقی کے لیے تمام اداروں اور شخصیات کو مل جل کر کام کرنا چاہیے۔ فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ جامعہ کراچی کے تحت میڈیکل کالج کے قیام کے سلسلے میں بلدیہ عظمیٰ ہر ممکن تعاون کرے گی جبکہ طلبہ و طالبات کی سہولت کے لیے2 نئی بسیں جامعہ کراچی کو فوری طور پر دی جائیں گی۔

یہ بات انھوں نے کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر سے ملاقات کے موقع پر کہی جنھوں نے آج ایڈمنسٹریٹر کے دفتر میں ان سے ملاقات کی، چیف آفیسر متانت علی خان، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر اے ڈی سجنانی، ڈاکٹر سہیل برکاتی اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ،انھوں نے کہا کہ میڈیکل کالج کے قیام کے سلسلے میں جامعہ کراچی سے مفاہمتی یادداشت پر جلد دستخط کیے جائیں گے تاکہ کراچی میں ایک اور میڈیکل کالج کا قیام عمل میں آسکے۔


ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ جامعہ کراچی ہم سب کے لیے مادر علمی کا درجہ رکھتی ہے اور اس کی بہتری اور ترقی کے لیے تمام اداروں اور شخصیات کو مل جل کر کام کرنا چاہیے ،انھوں نے شیخ الجامعہ کو تجویز دی کہ وہ اپنے مختلف شعبہ جات کے زیر تعلیم طلبہ و طالبات کو اپرنٹس شپ یا عملی تربیت کیلیے بلدیہ عظمیٰ کراچی بھیجیں تاکہ انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی کاموں کا بھی تجربہ حاصل ہو، انھوں نے کہا کہ بزنس ایڈمنسٹریشن ، اپلائیڈ فزکس، انوائرمنٹل سائنس، لوکل گورنمنٹ، ماس کمیونی کیشن، جغرافیہ اور دیگر شعبہ جات کے طلبہ و طالبات بلدیہ عظمیٰ کے مختلف محکموں سے استفادہ کرسکتے ہیں۔



ایڈمنسٹریٹرکراچی نے کہا کہ اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ طلبا تعلیم کے حصول کے بعد عملی تربیت نہ ہونے کے باعث مشکلا ت کا شکار ہوجاتے ہیں جس کے باعث انھیں مناسب ملازمت حاصل کرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، انھوں نے کہا کہ شعبہ سیاسیات کے تحت لوکل گورنمنٹ ڈپلومہ کے لیے کے ایم سی اور مختلف ٹائونز کے ملازمین کو بھیجا جائیگا ، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے تجویز دی کہ وہ دنیا کی دوسری یونیورسٹیز کی طرح جامعہ کراچی میں بھی مختلف شعبہ جات سے وابستہ ملکی و غیر ملکی شخصیات کے لیکچرز کا اہتمام کریں ،شیخ الجامعہ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو جامعہ کراچی کی دورے کی بھی دعوت دی۔
Load Next Story