مقتول شاہ زیب کی گاڑی پر15 فٹ دور سے گولیاں لگیں ماہرین

مقتول شاہ زیب کی گاڑی فائرنگ سے قبل درخت اور دیوار سے ٹکرا نے کے بعد الٹی تھی

مقتول شاہ زیب کی گاڑی پر جس پستول سے فائرنگ کی گئی اس کا ریکارڈ فارنسک لیبارٹری کے پاس موجود نہیں. فوٹو :ایکسپریس

ISLAMABAD:
مقتول شاہ زیب کی گاڑی پر15 فٹ دور سے گولیاں لگی ہیں جبکہ شاہ زیب کی گاڑی پر 9 نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق 24 دسمبر 2012 کو ڈیفنس کے علاقے فیز5 میں معمولی تنازع پر قتل کیے جانے والے ڈی ایس پی اورنگزیب خان کے جواں سال بیٹے شاہ زیب خان کی گاڑی کا معائنہ کرنے والے فارنسک ڈویژن سندھ کے ماہرین نے ذرائع کو بتایا کہ مقتول شاہ زیب کی گاڑی پر 15 فٹ دور سے گولیاں لگیں۔ 2 گولیاں ونڈ اسکرین پر ، 2گولیاں عقبی حصے پر جبکہ 1گولی ڈرائیونگ سیٹ والے دروازے پر لگی۔

ماہرین نے بتایا کہ یہ نہیں کہا جا سکتاکہ مقتول شاہ زیب کی گاڑی فائرنگ سے قبل درخت اور دیوار سے ٹکرا نے کے بعد الٹی تھی اور گاڑی پر فائر بعد میں کیے گئے یا پھر پہلے مقتول شاہ زیب کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کی وجہ سے گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ ماہرین نے بتایا کہ تفتیشی افسران نے جائے وقوعہ سے ملنے والے 9 گولیوں کے خالی خول فارنسک ڈویژن کو بجھوا دیے ہیں جن کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔




 

فارنسک ماہرین نے بتایا کہ تفتیشی افسران کی جانب سے بھجوائے جانے والے خالی خولوں کے تجزیے سے کسی قسم کا کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا کیوں کہ فارنسک ڈویژن کے پاس صرف جرائم پیشہ ملزمان کے زیر استعمال اسلحہ کا ریکارڈ موجود ہے جبکہ مقتول شاہ زیب کی گاڑی پر جس پستول سے فائرنگ کی گئی اس کا ریکارڈ فارنسک لیبارٹری کے پاس موجود نہیں۔ ماہرین نے ذرائع کو بتایا کہ یہ کہنا بھی قبل از وقت ہو گا کہ مقتول کی گاڑی پر فائرنگ 9ایم ایم کے ایک ہی پستول سے کی گئی یا پھر فائرنگ ایک سے زائد پستولوں سے کی گئی۔
Load Next Story