روئی کی قیمتوں پر جمود طاری کاٹن جنرز کو تشویش

ٹیکسٹائل سیکٹرکے کم روئی خریدنے کے باعث نرخ 2 ہفتوں سے 6100 روپے من پر برقرار

کاٹن جنرز نے قیمتوں میں اضافے کیلیے چینی درآمدی سرگرمیوں سے توقعات باندھ لیں۔ فوٹو : فائل

بھارتی روئی کی براستہ واہگہ روئی برآمدکرنے کی مدت میں30روز توسیع، بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ کے نتیجے میں ٹیکسٹائل سیکٹرکا پیداواری عمل سست پڑنے سے ملز کی خریداری سرگرمیاں کم ہونے کے باعث ملک بھرمیں روئی کی قیمتوں پر جمود طاری ہوگیا جس پر کاٹن جنرز نے تشویش کااظہار کیاہے۔

پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے سابق ایگزیکٹو ممبر احسان الحق نے بتایا کہ قبل ازیں بیشتر کاٹن زونز میں پھٹی کی آمد میں غیر معمولی کمی واقع ہونے سے توقع تھی کہ رواں ہفتے کے دوران روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان سامنے آئے گا۔




مگر مذکورہ وجوہ کی بنا پر گزشتہ 2 ہفتوں سے روئی کی قیمتیں 6100 روپے من پر برقرار ہیں، روئی کی خریداری میں ٹیکسٹائل ملز مالکان کی جانب سے کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے تاہم توقع ہے کہ چین کے چند روز میں روئی کی درآمد شروع کرنے سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔ احسان الحق نے بتایا کہ روئی کی ہینڈلنگ اور کلیئرنس میں مسائل کے باعث بھارتی حکام نے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے حامل برآمد کنندگان کو واہگہ سے روئی برآمد کرنے کی مدت میں 30 روز توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
Load Next Story