انگلینڈ کی ٹاپ ون ڈے رینکنگ کو طوفانوں نے گھیر لیا

نمبر ون بننے کے امکان نے بھارت اور پروٹیز کا جوش بڑھادیا، پاکستان کی چھٹی پوزیشن

جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا و سری لنکا سیریز کا جو بھی نتیجہ برآمد ہو اس پر اثر انداز نہیں ہوگا۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

انگلینڈ کی ٹاپ ون ڈے رینکنگ کو طوفانوں نے گھیر لیا، نمبر ون سائیڈ بننے کے امکان نے بھارت اور جنوبی افریقہ کا جوش بڑھادیا۔ رواں ماہ دنیا کے تین ممالک میں 6 ٹیموں کے درمیان ایک روزہ جنگ چھڑے گی۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم کا ٹیسٹ کے بعد ون ڈے رینکنگ سے بھی ہاتھ دھو بیٹھنے کا خطرہ پیدا ہوگیا، دنیا کی ٹاپ ٹیسٹ ٹیم کا اعزاز جنوبی افریقہ نے چھینا تھا جس کی اب ایک روزہ ٹاپ سائیڈ بننے پر بھی نظر ہے، اس وقت دونوں ٹیموں کے 118، 118 پوائنٹس مگر صرف اعشاریائی فرق باقی ہے۔

اگر انگلش ٹیم بھارت کیخلاف جمعے سے راجکوٹ میں شروع ہونے والی سیریز کسی بھی مارجن سے جیت لے تو وہ اپنی ٹاپ پوزیشن کو خطرات سے نکالنے میں کامیاب ہوجائے گی، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا و سری لنکا سیریز کا جو بھی نتیجہ برآمد ہو اس پر اثر انداز نہیں ہوگا۔ انگلش ٹیم کا بھارت سے پانچ ایک روزہ میچز میں مقابلہ ہوگا،اگر 117 پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر موجودبھارتی ٹیم اس سیریز میں کلین سوئپ کرلے تو پھر وہ ٹاپ پوزیشن حاصل کرسکتی ہے۔




البتہ اگر وہ کسی دوسرے مارجن سے سیریز اپنے نام کرز تب پروٹیز19 جنوری سے نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی تین میچز کی سیریز میں کلین سوئپ سے ٹاپ ٹیم بن سکتے ہیں۔ پاکستان اس وقت 107 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ بیٹسمین رینکنگ میں ٹاپ 4 پوزیشنز پر کھلاڑیوں میں مقابلہ ہوسکتا ہے، ٹاپ پر ہاشم آملا اور پھر ڈی ویلیئرز موجود ہیں جبکہ تیسرے نمبر پر ویرت کوہلی اور چوتھے پر ان کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی ہیں۔ ون ڈے بولرز میں سعید اجمل کی ٹاپ پوزیشن کو فی الحال کوئی خطرہ درپیش نہیں۔

دوسرے نمبر پر حفیظ ہیں، ٹاپ ٹین میں شامل 5 بولرز رواں ماہ شیڈول تین سیریز کے دوران ایکشن میں ہونگے، ان میں جنوبی افریقہ کے لونوابو ٹسوبے (4)، مورن مورکل (5)، ڈیل اسٹین (10)،انگلینڈ کے اسٹیون فن (6) جبکہ بھارت کے روی چندرن ایشون (7) شامل ہیں۔
Load Next Story