سیمنٹ کی برآمدات فروری میں 45 فیصد گر گئیں

مقامی طلب میں0.41فیصدکمی آئی،جولائی تافروری برآمد6فیصد کم،کھپت9فیصد بڑھ گئی

جنوبی علاقے میں قائم کارخانوں کی برآمدات میں18.21 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ فوٹو: فائل

گزشتہ ماہ فروری میں مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی مانگ میں بہتری کے باوجود رواں مالی سال میں پہلی بار برآمدات میں 45 فیصد کمی کی وجہ سے فروخت میں کمی واقع ہوئی ہے۔

سیمنٹ کی مجموعی کھپت فروری 2017 میں 3.435 ملین ٹن رہی جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 0.41فیصد کم ہے۔ گزشتہ برس فروری میں یہ حجم 3.449 ملین ٹن تھا۔ سیمنٹ کی مقامی فروخت فروری میں 3.181 ملین ٹن رہی۔ اس میں سے 2.580 ملین ٹن شمالی علاقے میں قائم کارخانوں کی فروخت رہی جبکہ جنوبی علاقے میں قائم کارخانوں کی فروخت 0.601 ملین ٹن رہی۔ مقامی کھپت میں اضافہ 6.69 فیصد تھا۔ فروری میں برآمدات 0.254 ملین ٹن رہیں جو گزشتہ برس فروری 2016 سے 45.69 فیصد کم ہے۔


رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ میں ملکی فروخت 26.339 ملین ٹن رہی جو گزشتہ برس کی اس مدت کے مقابلے میں 6.36 فیصد زیادہ ہے۔ اس دوران مقامی کھپت میں 9.12 فیصد اضافہ ہوا۔ تاہم برآمدات میں 8.54فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ملک کے شمالی علاقے میں جولائی تا فروری سیمنٹ کی کھپت میں 8.26 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ملک کے جنوبی علاقے میں یہ اضافہ 13.15 فیصد ہے۔ اس کے برعکس شمالی علاقوں میں قائم کارخانوں کی برآمدات میں 2.98 فیصد کمی واقع ہوئی جبکہ جنوبی علاقے میں قائم کارخانوں کی برآمدات میں18.21 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ یہ کمی حکام کے لیے باعث تشویش ہونی چاہیے کیونکہ ماضی میں جنوبی علاقوں میں قائم کارخانوں کی برآمدات سمندر قریب ہونے کی وجہ سے زیادہ ہوتی تھیں۔
Load Next Story