کالعدم تنظیم کے 5خطرناک دہشت گرد گرفتار دھماکا خیز مواد برآمد

ملزمان انسدادپولیو ورکرز، پولیس اہلکاروں کے قتل، فوجیوں کے گلے کاٹنے اورعائشہ منزل بم دھما کے میں ملوث ہیں۔

سی آئی ڈی کی کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر تین پہیوں کی موٹر سائیکل سے برآمد کیے جانے والے بال گرنیڈ ،دستی بم ،دھماکا خیز مواد اور اسلحہ صحافیوں کو دکھایا جا رہا ہے۔ فوٹو: آن لائن

سی آئی ڈی پولیس نے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے5 خطرناک دہشت گردوںکوگرفتارکرکے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمدکرلیا۔

گرفتار دہشت گرد شہر میں انسدادپولیو کے لیے قطرے پلانے والی خواتین کے قتل ، عائشہ منزل بم دھما کے، ٹرانسپورٹروں کے گھروں پر حملے، سیاسی جماعت کے کارکن، پولیس اہلکاروں کے قتل ، ٹینس بال بم حملوں اور سوات میں فوجیوں کے گلے کاٹنے کے واقعات میں ملوث ہیں، گرفتار معذور دہشت گرد سیف اللہ نے ایئر پورٹ پر بارود سے بھری موٹر سائیکل سے حملہ کرنا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ایڈ یشنل آئی جی سی آئی ڈی غلام شبیر شیخ نے سینٹرل پولیس آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کی اینٹی ایکسٹریمز سیل، آپریشنل اور انویسٹی گیشن پولیس نے خفیہ اطلاع پر محمد خان کالونی بلاکBاتحاد ٹائون کچی آباد میں مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے معذور دہشت گرد سیف اللہ عرف مشتاق ولد سید رحیم سمیت 5 خطرناک دہشت گرد ایوب ولد وزورآور خان ، مہتم خان عرف عتیق عرف میکان ولد شیر افضل خان ، بلال عرف مشتاق ولد میاں سید رحیم اور توصیف علی عرف بھائی جان ولد سر دار علی بخش کو گرفتار کر لیا۔




انھوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوںکے قبضے سے بارود سے بھری موٹرسائیکل اور 4موٹر سائیکلیں ،25 کلو انتہائی طاقت ور دھماکا خیز مواد ،5 دستی بم ، 2 پریشر کو کر بم ، 9 ٹینس بال بم ،4کلاشنکوف ، 5 پستول، 100گولیاں اور 5عدد ڈیٹونیٹر کارڈ برآمد کر لیے ہیں ، انھوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد بلدیہ ٹائون کے علاقے موچکو میں پولیو قطرے پلانے والی2 خواتین کے قتل، یکم جنوری کو عائشہ منزل پر کیے جانیوالے موٹر سائیکل بم دھماکے، طوری بنگش پولیس چوکی پر بارود سے بھری ٹینس بال سے حملے ، بھتہ نہ دینے پر ٹرانسپورٹروں کے گھروں پر بموں سے حملے، موچکو تھانے کی حدود میں پولیس کانسٹیبل محمد خان اور کانسٹیبل محمد عارف کو قتل جبکہ کانسٹیبل محمد اسلم اور جاوید کو زخمی کرنے ، عوامی نیشنل پارٹی کے کارکن امیر سر دار کو قتل ، خواجہ اجمیر نگری کے علاقے میں سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق سوات سے ہے جن کا گروپ سواتی گروپ کے نام سے مشہور ہے ، انھوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد بلال عرف مشتاق ولد میاں سید رحیم سوات میں فوجیوں کے گلے کاٹنے کے واقعے میں بھی ملوث ہے، انھوں نے بتایا کہ دو تین روز قبل رشید آباد پولیس چوکی کے عقب سے ملنے والے پریشر کوکر بم بھی ان ہی گرفتار دہشت گردوں کی ایجاد ہے،گرفتار دہشت گرددھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل کے ٹائروں میں رکھ کر ہدف تک پہنچایا کرتے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کے خلاف 11مختلف مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ گرفتار دہشت گرد 50 سے زائد مقدمات میں ملوث ہیں ، ایک سوال کے جواب غلام شبیر شیخ نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں نے انسداد پولیو کے لیے قطرے پلانے والی خواتین کو اس لیے قتل کیا، پریس کانفرنس کے موقع پر ڈی آئی جی سی آئی ڈی کامران فضل ، ایس ایس پی سی آئی ڈی فیاض خان ، چوہدری اسلم ، ایس پی مظہر مشوانی اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔
Load Next Story