شہر میں منظم ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے شاہی سید

مذہبی وسیاسی بنیادوں پر نشانہ بنایا جا رہا ہے،کراچی کا ماضی دردناک ہے

کراچی بدامنی کیس کے فیصلے کا تمام جماعتوں نے خیر مقدم کیا،حکومت نے عمل نہیں کیا۔ فوٹو: فائل

عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ شہر میں منظم ٹارگٹ کلنگ مسلسل جاری ہے۔

مذہبی اور سیاسی بنیادوں پر شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، سیاسی کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے کراچی انتہائی دردناک ماضی رکھتا ہے، پولیس کی جانب سے سید امیر سردار شہید کے قاتلوں کی گرفتاری کا دعویٰ خو ش آ ئند ہے مگر دہشت گردوں کی سزا کو یقینی بناتے ہوئے کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام کے لیے اعلانات کے بجائے اقدامات کرنے ہوں گے۔

 




جاری بیان میںشاہی سید نے کہا کہ کراچی بد امنی کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا تمام سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اوروکلا نے خیر مقدم کیا مگر حکومت سندھ نے اس پر رتی برابر بھی عمل نہیں کیا، انھوں نے کہا کہ عام انتخابات میں زیادہ وقت نہیں ہے، پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے دہشت گردوں کیخلاف سخت ترین کاروائی کرنا ہوگی۔

دریں اثنا جاری اعلامیے کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی تھنک ٹینک کا اجلاس مرکزی صدر اسفندیا ر ولی خان کی صدارت میں کل ہوگا، جس میں خاص طور پر صوبے کی سیاسی صورت حال اور پارٹی امور کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ شام 5 بجے اے این پی کے سربراہ پریس کانفرنس کریں گے۔
Load Next Story