بھارتی وآسٹریلوی کپتانوں کی لڑائی میں بورڈز کود پڑے

کرکٹ آسٹریلیا چیف نے کوہلی کے متنازع کمنٹس کو شرمناک قرار دے دیا

 بی سی سی آئی نے اسٹیون اسمتھ کے خلاف آئی سی سی کو شکایت درج کرا دی۔ فوٹو: فائل

بھارتی اور آسٹریلوی کپتانوں کی لڑائی میں بورڈزکود پڑے، کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ نے ویرات کوہلی کے کمنٹس کو شرمناک قرار دے دیا، دوسری جانب بی سی سی آئی نے اسٹیون اسمتھ کے خلاف آئی سی سی کو شکایت درج کرادی۔

آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کی جانب سے ریویو کیلیے ڈریسنگ روم کی جانب مدد کیلیے دیکھنے سے کھڑا ہونے والا تنازع شدت اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے، اسمتھ نے دوسرے ٹیسٹ کے دوران ایل بی ڈبلیو قرار پانے پر ریویو لینے کے بجائے ڈریسنگ روم کی جانب دیکھا جس پر ویرات کوہلی غصے میں آگئے تھے، بعد میں کینگرو قائد نے اپنی اس حرکت کی وجہ غیردماغی کو قرار دیتے ہوئے معذرت کرلی تھی، کوہلی نے ان کی غائب دماغی کے جواز کو ماننے سے انکارکرتے ہوئے نہ صرف اسے گیم اسپرٹ کے منافی قرار دیا بلکہ ڈھکے چھپے الفاظ میں ان پر چیٹنگ کا الزام بھی عائد کردیا تھا۔

دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ نے کہا کہ ہماری ٹیم کے بارے میں اس طرح کی باتیں انتہائی شرمناک ہیں، اسمتھ ایک نوجوان کھلاڑی اور دیگر کے لیے تحریک کا باعث ہیں، وہ کبھی گیم اسپرٹ کے منافی کچھ نہیں کرسکتے،کوچ ڈیرن لی مین نے بھی اسمتھ کا دفاع کیا۔


دوسری جانب بھارتی ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے اسمتھ کیخلاف آئی سی سی میچ ریفری کرس براڈ کو درخواست دے دی گئی، اس میں آسٹریلوی کپتان کے ریویو پر بیرونی مدد لینے پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ادھر بھارتی کرکٹ بورڈ بھی اپنے کپتان کوہلی کے حق میں سامنے آگیا، اس نے اپنے اعلامیہ میں کہا کہ ہم نے اس سارے واقعے کی فوٹیج دیکھی جس کے بعد اپنی ٹیم اورکپتان کے ساتھ کھڑے ہیں، ویرات کوہلی ایک میچور کرکٹر اور فیلڈ میں ان کا رویہ مثالی ہوتا ہے، آئی سی سی الیٹ امپائر نائجل لونگ نے بھی انھیں سپورٹ کیا۔

بھارتی بورڈ نے مزید کہا کہ اسمتھ خود پریس کانفرنس میں اپنی غلطی کا اعتراف کرچکے، آئی سی سی کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے، ہم امید کرتے ہیں کہ سیریز کے باقی 2 ٹیسٹ درست اسپرٹ کے ساتھ کھیلے جائینگے۔ دریں اثنا بھارت کے سابق کرکٹر سنیل گاوسکر اور ساروگنگولی نے بھی اسمتھ کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
Load Next Story