اردو ڈکشنری بورڈ نے اردو لغت ڈیجیٹل کرنے کا کام شروع کردیا

پہلے مرحلے میں 22 ہزار صفحات ڈیجیٹل کرتے ہوئے ویب سائٹ پر لنک دیا جائے گا

اردو لغت کی موبائل اپلیکیشن بنے گی، وزیر اعظم نے سوا کروڑ بجٹ کی منظوری دیدی۔ فوٹو : فائل

اردوڈکشنری بورڈ نے 22 جلدوں اور 2 لاکھ 65 ہزارالفاظ پر مشتمل ''اردو لغت'' کو ڈیجیٹل کرنے کے منصوبے پرکام شروع کردیا ہے۔

وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کی جانب سے منصوبے کی حتمی منظوری دیے جانے کے بعد وفاقی حکومت نے بجٹ کے لیے مختص رقم کا ایک حصہ جاری کردیا ہے جس کے بعد ڈکشنری بورڈ نے ڈیجیٹلائزڈ اردولغت پرکام کے لیے باقاعدہ ٹینڈر جاری کردیا ہے جبکہ متعلقہ ادارے نے اس سلسلے میں اردولغت کی اسکیننگ کاعمل شروع کر دیا ہے۔

اردو ڈکشنری بورڈ کے ایڈیٹر انچیف عقیل عباس جعفری نے اپنے دفترمیں بتایاکہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے منصوبے کے لیے 1کروڑ 30 لاکھ روپے کے بجٹ کی منظوری دی ہے یہ منصوبہ 20 مئی تک 2 مراحل میں مکمل کیا جائے گا پہلے مرحلے میں22 ہزارصفحات پر مشتمل اردولغت کو ڈیجیٹلائزڈ کرتے ہوئے ڈکشنری بورڈ کی ویب سائیٹ پراس کا لنک جاری کردیاجائے گا۔


دوسری جانب اس سلسلے میں ایک بنیادی سافٹ ویئر تیار کیا جاچکا ہے اس سافٹ ویئرکے ذریعے لغت میں شامل الفاظ کو زیر، زبر، پیش اور مذکر مونث کے ساتھ شامل کیا جارہا ہے جبکہ متعلقہ لفظ کس زبان سے اردو میں شامل ہواہے اس کی تفصیلات بھی ڈیجیٹلائزلغت پرموجود ہوں گی جبکہ املا، تلفظ اور محاورات اس کے علاوہ ہوں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں اس کی موبائل اپلی کیشن تیارکردی جائے گی جس کے بعد کسی بھی اردو لفظ کے معنیٰ موبائل فون پرمتعلقہ لفظ لکھ کر اپلی کیشن کے ذریعے تلاش کیے جاسکیں گے اس اپلیکیشن پراردوڈکشنری بورڈکا لوگو موجود ہوگا۔

علاوہ ازیں ایڈیٹرانچیف نے بتایاکہ موبائل اپلی کیشن تیارکرنے کے لیے ڈکشنری بورڈ کی عمارت میں ایک بڑا سرورروم قائم کیا جارہا ہے اوروفاقی حکومت نے دو مراحل پر مشتمل اس پورے منصوبے کے لیے 50 فیصد سے زائد رقم جاری کردی ہے۔

عقیل عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ بورڈ کی جانب سے اس کا اپنا تعطل شدہ رسالہ ''اردونامہ''کا اجرا بھی کیا جارہا ہے یہ رسالہ 1977سے تاحال شایع نہیں ہوسکا ہے تاہم اب اس رسالے کی اشاعت کے ساتھ ساتھ گزشتہ اورنئے رسالے کو بھی آن لائن کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس وقت اردو ڈکشنری بورڈ کی ویب سائٹ بند ہے اور سوائے تعارفی صفحے کے ویب سائٹ کے لنکس بند ہیں یا موجود نہیں تاہم ڈکشنری کو ڈیجیٹلائز کرنے کے کام کی تکمیل کے ساتھ ہی ویب سائٹ بھی کھول دی جائے گی۔
Load Next Story