پاک بھارت کشیدگی ایٹمی جنگ میں بدل سکتی ہے، امریکی جنرل

واشنگٹن: امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری روایتی کشیدگی ایٹمی جنگ میں بھی تبدیل ہوسکتی ہے۔

امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروس کمیٹی میں منتخب نمائندگان کے سوالوں کا جواب دیتےہوئے امریکی سینٹرل کمانڈ (سیٹکوم) کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل نے کہا کہ پاکستان کو سفارتی محاذ پر تنہا کرنے کےلیے بھارت پاکستان کے ساتھ دو طرفہ رابطوں اور مذاکرات میں رکاوٹ ڈال رہا ہے اور کشیدگی کو مسلسل ہوا دے رہا ہے جس کے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

جنرل جوزف ووٹل نے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروس کمیٹی کو خبردار کیا کہ روایتی پاک بھارت کشیدگی میں مسلسل اضافہ دونوں ملکوں کے درمیان ’’نیوکلیائی ہتھیاروں کے تبادلے‘‘ یعنی ایٹمی جنگ کی وجہ بن سکتا ہے۔

ووٹل نے کہا کہ پاک افغان افواج آپس میں بہترتعاون کررہی ہیں لیکن پاکستان اپنی مشرقی سرحد پر بھارت سے مسلسل الجھنے کے باعث اپنی مغربی سرحد پر پوری توجہ نہیں دے پارہا جو افغانستان سے ملتی ہے۔ امریکی انٹیلی جنس رپورٹوں کی بنیاد پر ووٹل کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر اس وقت بھی کم از کم 20 دہشت گرد گروپ سرگرمِ عمل ہیں جن میں سے 13 گروپ افغانستان سے آپریٹ کررہے ہیں۔