ردالفساد مزید درجنوں افراد زیر حراست اسلحہ و گولا بارود برآمد

اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں کارروائیاں، باجوڑ و تربت میں بھاری اسلحہ برآمد

اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں کارروائیاں،باجوڑ و تربت میں بھاری اسلحہ برآمد۔ فوٹو: فائل

ملک بھر میں دہشت گردوں سے نمٹنے کیلیے آپریشن ردالفساد جاری ہے جس کے تحت مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران مزید درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

اسلام آ باد میں وفاقی پولیس، رینجرز اور حساس اداروں نے تھانہ شمس کالونی کے علاقوں علی بخش ٹاؤن، شمس کالونی اورگردو نواح میں سرچ آپریشن کرکے چار گھروں سے پسٹل 30 بور، پسٹل نائن ایم ایم، بارہ بورگن، 8ایم ایم، ایس ایم جی گن اور متعدد راؤنڈ برآمد کیے تاہم کسی کو گرفتار نہیں کیا۔


دوسری جانب شکرگڑھ میں رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سرحدی گاؤں ''مقام'' سے 5 مشتبہ افرادکو گرفتار کرکے ان سے ناجائز اسلحہ بر آمد کر لیا۔ وہاڑی، میاں چنوں اور قطب پور میں بھی فورسز نے کارروائیاں کیں۔

علاوہ ازیں باجوڑ میں ایف سی خیبر پختونخوا نے تحصیل ماموند کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا جس میں 19دستی بم ، 4ایف ٹی نائن فیوز، راکٹ گولے، مارٹر گولے، آئی ای ڈی بنانے کے سامان اور ہزاروں کارتوس شامل ہیں جبکہ کوئٹہ اور تربت میں2بم ناکارہ بنادیے گئے۔ تربت اورنوشکی میں فورسز نے218پیکٹ دھماکہ خیزمواد، راکٹ لانچرز اور گولوں سمیت بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد کرکے5ملزمان اور چاغی سے 22افغان باشندوں کو گرفتارکرلیا۔
Load Next Story