مہاجر صوبے کے حامیوں کو برداشت نہیں کرینگے قادر مگسی

متحدہ میں ہمت ہے تو سندھ کی تقسیم کا نعرہ لگائے، دیکھتے ہیں نائن زیروکیسے چلتا ہے

قادر مگسی نے الطاف حسین کے گزشتہ روز کے خطاب پر شدید رد عمل کا اظہار کیا اور کہا کہ متحدہ اور الطاف حسین کی سیاست سے سندھ کے حوالے سے کبھی کوئی اچھی امید نہیں رکھی جاسکتی۔ فوٹو: فائل

سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ اگر ایم کیو ایم اور الطاف حسین میں ہمت ہے تو وہ سندھ کی تقسیم کا نعرہ لگائیں پھر دیکھتے ہیں کہ کراچی میں نائن زیرو کس طرح چلتا ہے۔

مہاجر صوبے کی حمایت کرنے والوں کو سندھ میں برداشت نہیں کریں گے، اسٹیبلشمنٹ اپنا رویہ درست کرے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے قاسم آباد میں بلدیاتی نظام کے خلاف لگائے گئے احتجاجی کیمپ پر حیدر شاہانی، مظفر کلہوڑو و دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ قادر مگسی نے الطاف حسین کے گزشتہ روز کے خطاب پر شدید رد عمل کا اظہار کیا اور کہا کہ متحدہ اور الطاف حسین کی سیاست سے سندھ کے حوالے سے کبھی کوئی اچھی امید نہیں رکھی جاسکتی۔ سندھ میں نسل پرستی کے کھیل سے ہم بخوبی واقف ہیں، سندھ دھرتی کے لیے ہم صدیوں سے قربانیاں دیتے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے، ہر حملہ آور نے سندھیوں کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن وہ خود ختم ہوگئے اور سندھی آج بھی کروڑوں کی تعداد میں موجود ہیں۔




انھوں نے کہا کہ الطاف حسین سندھ کی فکر چھوڑ کر اپنی فکر کریں، سندھیوںکو چاہیے کہ وہ متحدہ سے لاتعلقی کا اظہارکریں۔ قادر مگسی نے کہا کہا جا رہا ہے کہ اگر بلدیاتی نظام نہیں دیا گیا اور بلدیاتی الیکشن نہیں کرائے گئے تو ہم سندھ کی تقسیم کا نعرہ لگا دیں گے، تو ہمارا جواب یہ ہے کہ آپ دھمکیاں کیوں دے رہے ہو، ہمت ہے تو سندھ کی تقسیم کا نعرہ لگا دیں پھر ہم بھی دیکھتے ہیں کہ کراچی میں نائن زیرو اور حیدرآباد میں واقع ان کے دفتر کیسے چلتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سندھ کے خلاف سازشوں میں متحدہ اور پیپلزپارٹی کا گٹھ جوڑ ہے اور ان تمام منصوبوں میں زرداری بھی برابر کے شریک ہیں۔
Load Next Story