سیاسی افق پرقدرے بہتری سے حصص مارکیٹ میں تیزی

متحدہ کی لانگ مارچ میں عدم شرکت، انڈیکس 105 پوائنٹس بڑھ کر 16635 ہوگیا۔

55 فیصد شیئر پرائسز، مارکیٹ سرمائے میں 26.8 ارب کا اضافہ، 11.6کروڑ حصص کا لین دین۔ فوٹو: فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو اتارچڑھائو کے بعد تیزی رہی جس سے انڈیکس کی16600 کی حد ایک بار پھربحال ہوگئی۔

سیاسی ڈرون کے بارے میں منفی خدشات زائل، حکمران اتحاد قائم رکھنے پر اتفاق، 14 جنوری کے لانگ مارچ سے متعلق منفی پیشگوئیاں ختم ہونے جیسے عوامل نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کیا، تیزی کے باعث55 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی26 ارب80 کروڑ6 لاکھ39 ہزار135 روپے کا اضافہ ہوا۔


جمعہ کو کاروبار کا آغازسے ہوا اور ایک موقع پر12 پوائنٹس تک کی مندی رونما ہوئی لیکن متحدہ قومی مومنٹ کی جانب سے لانگ مارچ میں عدم شرکت کے اعلان ہوتے ہی حصص کی تجارتی سرگرمیوں کو تقویت حاصل ہوئی اور مندی تیزی میں تبدیل ہوگئی، ایم کیوایم کے اس اعلان کے بعد سیاسی منظرنامے میں تبدیلی رونما ہوئی جسے محسوس کرتے ہوئے انسٹی ٹیوشنز نے حصص کی خریداری بڑھائی۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند سیشنز کے دوران رونما ہونے والی مندی کے سبب بیشتر مستحکم کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں نچلی سطح پر آئی تھیں جو جمعہ کو تازہ سرمایہ کاری کیلیے پرکشش ثابت ہوئیں۔



تیزی کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس104.79 پوائنٹس کے اضافے سے 16634.71 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 105.94 پوائنٹس کے اضافے سے13598.03 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 154.55 پوائنٹس کے اضافے سے 28725.81 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 30.31 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر11 کروڑ61 لاکھ 72 ہزار 170 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار320 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا۔

Recommended Stories

Load Next Story