ایچ ای سی کا اردو یونیورسٹی کے انتظامی امور اسلام آباد منتقل کرنے کیلیے دباؤ

پرنسپل سیٹ کی منتقلی کے لیے فیصلہ کیاجائے یا چارٹرمیں ترمیم کی جائے، ایچ ای سی

 اسلام آباد کیمپس کوکیمپس ہی رکھناہے تو این اوسی حاصل کیا جائے،جامعہ کوخط۔ فوٹو: فائل

اعلیٰ تعلیمی کمیشن اسلام آبادنے کراچی میں واقع واحد وفاقی جامعہ ''اردو یونیورسٹی'' کے تمام انتظامی اموراسلام آباد منتقل کرنے کے لیے دبائو ڈالنا شروع کر دیا ہے۔

وفاقی اردویونیورسٹی کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کراچی میں قائم ''پرنسپل سیٹ'' کو اسلام آباد منتقل کردے اوراس حوالے سے چارٹرمیں دیے گئے اختیارکے حوالے سے فیصلہ کیاجائے یاپھر چارٹرمیں ترمیم کی جائے۔ اس معاملے پر جامعہ اردوکو3 ماہ کاوقت دیا گیا ہے اورجاری کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر ضروری اقدام کرتے ہوئے 3 ماہ میں عملدرآمد سے متعلق رپورٹ ایچ ای سی کوپیش کی جائے۔

'ایکسپریس' کو کراچی میں ایچ ای سی ریجن آفس کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایچ ای سی کے ڈائریکٹرجنرل (کوالٹی ایشورنس ایجنسی ) ڈاکٹر محمد رفیق بلوچ کی جانب سے ایک خط یونیورسٹی انتظامیہ کو تحریر کیا گیا ہے۔خط میں جامعہ اردوکے 5 اکتوبر 2016 کو اسلام آباد کیمپس کے دورے کاحوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر کیے گئے دورے میں کیمپس آفیشلزکے ساتھ اجلاس اور دستیاب دستاویزات کے ضمن میں کہا جا سکتا ہے کہ یونیورسٹی کے آرڈیننس کے تحت پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں ہونی چاہیے تاہم کراچی کیمپس کو پرنسپل سیٹ کی حیثیت حاصل ہے۔


دوسری جانب خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اردو یونیورسٹی کی سینیٹ کے اجلاس منعقدہ اپریل 2003میں اسلام آباد کیمپس کے قیام کی منظوری دی گئی تھی تاہم اسلام آباد کیمپس کے قیام کی منظوری ایچ ای سی سے نہیں لی گئی جبکہ اگراسلام آباد کیمپس کوکیمپس کی حیثیت سے ہی برقرار رکھناہے تواس کا این اوسی حاصل کیا جائے۔

علاوہ ازیں قابل ذکرامریہ ہے کہ یونیورسٹی کے ایکٹ کے مطابق کراچی میں قائم 2 وفاقی کالجوں (وفاقی اردوسائنس کالج اوروفاقی اردو آرٹس کالج) کویونیورسٹی کے طورپراپ گریڈ کیا گیا تھا جس کا بہتر انتظام چلانے کے لیے انتظامی امورکراچی سے ہی شروع کیے گئے اوراس کراچی میں ہی قائم رکھاگیا۔ اس کے برعکس اسلام آباد میں پہلے ہی وفاقی سطح پر چلنے والی 14جامعات موجود ہیں جبکہ پرنسپل سیٹ کی کراچی سے اسلام آباد منتقلی کاخیال ایچ ای سی کوایسے وقت میں آیا ہے جب ایچ ای سی اوراردویونیورسٹی کی قیادت کے مابین اختلافات کی نوعیت شدت اختیارکرچکی ہے۔

واضح رہے کہ موجودہ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹرمختاراحمد اپنے عہدے کی مدت کا تیسرا سال گزاررہے ہیں تاہم اس عرصے میں ایچ ای سی کی جانب سے پرنسپل سیٹ کی کراچی سے اسلام آباد منتقلی کا کوئی اقدام سامنے نہیں آیا۔

یادرہے کہ 2002میں اردو یونیورسٹی کے قیام سے لے کرتاحال تمام وائس چانسلرزنے یونیورسٹی کے انتظامی امورکراچی سے ہی چلائے ہیں۔ پرنسپل سیٹ کی کراچی سے اسلام آباد منتقلی سے اردویونیورسٹی کے وائس چانسلر اور رجسٹرار سمیت بیشتر کلیدی دفاتر وفاقی دارلحکومت منتقل ہوجائیں گے جس کے باعث کراچی میں قائم یونیورسٹی کیمپسز کے ہزاروں طلبہ، اساتذہ اور ملازمین کے تدریسی اور انتظ امی معاملات اسلام آباد سے ہی کنٹرول کیے جائیں گے۔
Load Next Story