کراچی کے 50بچوں میں خسرہ کی تصدیق

اورنگی ٹاؤن میں سب سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے،21 لاکھ بچوں کو ا نسدا د خسرہ کے ٹیکے لگائے گئے.

اندرون سندھ 10دنوں میں 11بچے خسرہ سے جاں بحق ہوئے،تمام ٹاؤنز سے خسرہ میں مبتلا بچوں کی تصدیق ہوئی ،انسداد خسرہ مہم چلانے پرمرض پھیل نہ سکا، ای ڈی او ہیلتھ. فوٹو : اے ایف پی

محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں 50سے زائد بچوں میں خسرہ کی تصدیق کی گئی ہے جن علاقوں کے بچوں میں خسرہ کی تصدیق کی گئی ان میں کیماڑی ، اورنگی، سائٹ، شاہ فیصل، گلبرگ ،کورنگی، نارتھ کراچی، لانڈھی، ملیر، صدر ، گلشن اقبال، جمشید ٹاؤن سمیت دیگر ٹاؤنز شامل ہیں۔

ماہرین طب نے کراچی میں یکم جنوری سے اب تک ایک ہزار سے زائد بچوں کے خسرہ میں مبتلا ہونے کا خدشہ ظاہرکیا ہے تاہم کراچی میں خسرہ سے بچاؤکی حفاظتی مہم کی وجہ سے ہزاروں بچے اس مرض سے محفوظ ہوگئے ہیں اورکراچی میں انسداد خسرہ مہم کے دوران اب تک 2 لاکھ سے زائد بچوںکو حفاظتی ٹیکے لگا ئے گئے ہیں،کراچی میں5 جنوری سے خسرہ سے بچاؤکی مہم شروع کی گئی تھی، مہم کے دوران21 لاکھ بچوںکو ا نسدا د خسرہ کے ٹیکے لگائے گئے۔

مہم کااگلاراؤنڈ فروری میں شروع کیا جائے گا جس میں خسرہ سے بچاؤکا دوسرا ٹیکہ لگایا جائے گا ، کراچی میں خسرہ مہم اندرون سندھ میں وبائی صورت اختیارکرنے کے بعد شروع کی گئی تھی جبکہ اندرون سندھ کے8 اضلاع میں29 لاکھ بچوں کو خسرہ سے بچاؤکے ٹیکے لگانے کا ہدف دیا گیا تھا ، ایک غیر محتاط اندازے کے مطابق کراچی میںگذشتہ 10دنوں کے دوران خسرہ کی علامات ظاہر ہونے پرایک ہزارسے زائد بچوں کو مختلف اسپتالوں میں لایاگیا جس کی تصدیق پاکستان پیڈیا ٹرکس ایسوسی ایشن نے بھی کی ہے۔




ماہرین طب کے مطابق خسرہ کا مرض ملک بھر میں سراٹھارہا ہے ، چاروں صوبوں میں اس مرض کا وائرل تیزی سے پھیل رہا ہے ،یہ وائرل انفیکشن ہے جوایک سے دوسرے صحت مند بچے کو تیزی سے متاثرہ کرتا ہے، خسرہ ہونے کی صورت میں بچے میں وٹامن اے کی شدیدکمی واقع ہوجاتی ہے ،ایسی صورت میں وٹامن اے کی خوراک بھی لازمی ہوتی ہے، خسرہ میں مبتلا بچے کووٹامن اے کی اضافی خوراک بھی پلانی چاہیے،اندرون سندھ میں 10دنوں میں11بچے خسرے سے جاں بحق ہوئے ہیں۔

دریں اثنا ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر امداد اللہ صدیقی نے بتایا کہ یکم جنوری سے 11جنوری تک 51بچوں کے خسرہ کے مشتبہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں ان میں سے 30بچوں کے خون کے نمونے کیمیائی تجزیے کے لیے اسلام آباد بھیج دیے ہیں، ، انھوں نے بتایا کہ کراچی کے تمام ٹاؤنز سے خسرہ میں مبتلا بچوںکی تصدیق ہوئی سب سے زیادہ اورنگی ٹاؤن سے کیسوںکی تصدیق کی گئی، تاہم وزیر صحت ڈاکٹر صغیراحمدکی ہدایت پر چلائی جانے والی مہم کے بعد صورتحال اب قابو میں ہے، خسرہ سے بچاؤکے دوسرے ٹیکے کی مہم آئندہ ماہ سے شروع کی جائے گی۔
Load Next Story