پولیس مقابلے کے بعد اسلحہ سپلائر گرفتار اسلحہ برآمد 7ملزمان فرار

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس کےقریب اہلکاروں کودیکھ کر سوزوکی میں سوار ملزمان نےفرار ہونےکی کوشش اورتعاقب پر فائرنگ کردی.

گرفتار ملزم کا تعلق مردان کے اسلام خان گروپ سے ہے، ملزم 100سے زائد مرتبہ اسلحہ سپلائی کر چکا ہے،ایس ایچ او جوہر آباد۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

جوہر آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کو اسلحہ سپلائی کرنے والے گروہ کے ایک کارندے کو گرفتار کرکے موٹر سائیکل اور سوزوکی پک اپ تحویل میں لے لی اور بھاری تعداد میں اسلحہ اوردستی بم برآمد کر لیے۔

ملزم کے 7 ساتھی فرار ہوگئے، تفصیلات کے مطابق جوہر آباد پولیس نے یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کے قریب اسنیپ چیکنگ کے لیے ناکہ لگایا ہوا تھا اسی دوران گلشن چورنگی کی جانب سے کپڑوں سے لدی ہوئی سوزوکی پک اپ آرہی تھی اور سوزوکی پک اپ میں سوار ملزمان نے یو بی ایل کمپلیکس کے قریب پولیس کو دیکھ کرگاڑی اچانک ریاض آٹوز والی گلی میں موڑ لی جس پر ناکے پر کھڑے پولیس اہلکاروں کوشک ہوا ،پولیس نے دوسری سڑک سے ملزمان کا پیچھا کیا ،ایک گلی میں پولیس کا ملزمان سے آمنا سامنا ہوگیا ، اس دوران سوزوکی پک اپ کے بیک اپ میں چلنے والی موٹرسائیکل پرسوار2 ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار ملزمان سے موٹر سائیکل بے قابو ہو نے پر گر گئے، ملزمان سوزو کی پک اپ کے عقب میں آنے والی ایک اورآلٹو کار میں فرار ہوگئے جبکہ پولیس نے سوزوکی میں سوار ملزم سہیل قریشی ولد ممتاز قریشی کو گرفتارکرکے سوزوکی کے اگلے حصے میں چھپائی ہوئی 3 کلاشنکوف، 3رائفلیں ، 2 دستی بم اور ٹی ٹی پستول ، سوزوکی پک اپKS-3587 اورموٹر سائیکل KDM-2722 تحویل میں لے لی، ایس ایچ او تھانہ جوہر آباد نادر شاہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ گرفتار ملزم معذور ہے، ملیرکھوکراپارکا رہا ئشی ہے،گرفتار اور فرار ہونیوالے ملزمان ملیرکھوکرا پار سے سوزوکی پک اپ میں اسلحہ اور کپڑے لاد کر نیو کراچی صنعتی ایریا میں اسلحہ سپلائی کرنے جا رہے تھے۔


 



انھوں نے بتایا کہ ملزمان ایک موٹر سائیکل ، سوزوکی پک اپ اور آلٹو کار میں سوار تھے جن کی تعداد 8تھی،گرفتار ملزم کا تعلق مردان سے تعلق رکھنے والے اسلام خان گروپ سے ہے جس کا ایک ساتھی گذشتہ دنوں سائٹ کے علاقے سے 56کلاشنکوفوں کے ساتھ گرفتار ہو چکا ہے ، انھوں نے بتایا کہ اسلام خان گروپ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کو25 ہزار سے زائد جدید اسلحہ سپلائی کر چکا ہے جبکہ گرفتار ملزم 100سے زائد مرتبہ اسلحہ سپلائی کر چکا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سوزو کی پک اپ سے برآمد ہونے والا گارمنٹس عذرا گارمنٹس کی مالکیت ہے جو گذشتہ دنوں رمضان المبارک کے مہینے میں جو ہر آباد کی حدود سے چھینے گیے تھے جس کا مقدمہ جوہر آباد تھانے میںدرج ہے، پولیس نے چھینے جانے والے سامان کی بازیابی کے لیے کئی جگہ چھاپے بھی مارے تاہم پولیس کو کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی، انھوں نے بتایا کہ ملزمان کے زیر استعمال سوزوکی پک اپ بھی ڈیفنس تھانے کی حدود سے چھینی گئی ہے جس کا مقدمہ ڈیفنس تھانے میں درج ہے۔
Load Next Story