خانہ شماری کا 35سے 60فیصد کام مکمل کرلیاافسران کا دعویٰ

اورنگی ٹائون اور منگھوپیر میں عملے کو تنگ کرنے کی شکایات موصول ہوئیں،ذرائع.

خانہ شماری کا بقیہ کام 14جنوری تک مکمل کرلیا جائے گا، عملہ الیکشن کمیشن۔ فوٹو: فائل

GUANGZHOU:
الیکشن کمیشن کے عملے نے پانچوں اضلاع میں تیسرے روز خانہ شماری کا 35سے 60فیصد کام مکمل کرلیا ہے۔

ضلع غربی میں اورنگی ٹائون اور منگھوپیر کے کچھ علاقوں میں شرپسندوں نے عملے کو تنگ کرنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے موقع پر جاکر صورتحال قابو میں کی اور تصدیق کنند گان نے بدستور کارروائی انجام دی، دوسرے مرحلے کے تحت گھر گھر ووٹرز لسٹوں کی تصدیق کا عمل 15جنوری کو شروع ہوگا، تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے عملے نے خانہ شماری مہم کے تیسرے روز علاقوں میں جاکر گھرانہ نمبر درج کیا اور دیگر کوائف معلوم کیے۔


متعلقہ ضلعی افسران کے مطابق ضلع ملیر میں عملے نے ایک ہزار 783 شماریاتی بلاکس میں جاکر تقریباً 60فیصد کام مکمل کرلیا، ضلع جنوبی میں تیسرے روز 45فیصد کام مکمل کیا گیا، یہاں شماریاتی بلاکس کی تعداد 2ہزار 175ہے، ضلع غربی میں عملے نے 2 ہزار 910بلاکس کا دورہ کرکے 40فیصد کام مکمل کیا، ذرائع نے بتایا کہ اورنگی ٹائون اور منگھوپیر کے چند علاقوں میں عملے کو تنگ کرنے کی کچھ شکایات موصول ہوئیں۔



تاہم فوج، رینجرز اور پولیس نے فوری طور پر متعلقہ مقامات پر جاکر صورتحال کو قابو میں کیا اورعملے نے مذکورہ مقامات پر بدستور کارروائی جاری رکھی، ضلع وسطی میں تصدیق کنندہ نے تین ہزار 175بلاکس میں جاکر 40فیصد کام مکمل کیا جبکہ ضلع شرقی میں 35فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، ضلع شرقی میں شماریاتی بلاکس کی تعداد 3 ہزار 587ہے، الیکشن کمیشن کے افسران نے بتایا کہ خانہ شماری کا بقیہ کام 14جنوری تک مکمل کرلیا جائیگا اور دوسرے مرحلے کے تحت گھر گھر ووٹرز لسٹوں کی تصدیق کا عمل 15جنوری سے شروع ہوگا اور یکم فروری تک مکمل کرلیا جائیگا۔
Load Next Story