بجلی کیلیے مختص 170ارب روپے کی سبسڈی 6 ماہ میں ہی ختم

5 ماہ میں واپڈا کو 117 ارب اور کے ای ایس سی کو 22 ارب روپے جاری کیے گئے۔

پاکستان میں بجلی کی پیداوار کے لیے تھرمل پاور پر انحصار تقریباً 70 فیصد کے قریب ہے۔ فوٹو : فائل

KARACHI:
بجلی کی پیداوار کے لیے درآمدی تیل پر انحصار بڑھنے اور بجلی چوری میں اضافے کے باعث رواں مالی سال کے لیے بجلی کے شعبے کے لیے مختص 170 ارب روپے کی سبسڈی 6ماہ میں ہی ختم ہوگئی۔

بجلی کے شعبے کو سبسڈی دینے کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں 170 ارب روپے کی رقم مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ بجلی کی پیداواری لاگت میں اضافے کے اثرات کو عوام تک منتقل کرنے سے روکا جائے تاہم یہ خطیر رقم پہلے چھ ماہ میں ہی ختم ہوگئی ۔ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ کے دوران وزارت خزانہ نے اس مد میں واپڈا کو 117 ارب روپے اور کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کو 22 ارب روپے جاری کیے اور صرف دسمبر کے دوران اس مد میں وزارت پانی و بجلی کو23 ارب روپے کی رقم فراہم کی گئی ہے۔




پاکستان میں بجلی کی پیداوار کے لیے تھرمل پاور پر انحصار تقریباً 70 فیصد کے قریب ہے جس کے باعث بجلی کی پیداوار کے لیے خطیر مقدار میں فرنس آئل کی ضرورت پڑتی ہے جو بیرون ممالک کے مہنگے داموں درآمد کیا جا رہا ہے ، اس کی وجہ سے بجلی کی پیداوار لاگت میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔
Load Next Story