کرونیے کیخلاف جھوٹی گواہی دی ولیمز کا انکشاف

ہرشل گبز نے بھی جھوٹ بولا،آج دباؤ سے آزاد ہوگیا،ہینری ولیمز

قانونی ماہرین نے دھمکی دی کہ سچ بولنے پر انھیں سزا کا سامنا کرنا ہوگا، ہینری ولیمز۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر ہینری ولیمز نے انکشاف کیا ہے کہ ہرشیل گبز اور انھوں نے سابق کپتان ہنسی کرونیے کے خلاف میچ فکسنگ انکوائری میں کنگز کمیشن کے سامنے جھوٹ بولا تھا۔

ولیمز نے گزشتہ روز تسلیم کیا کہ انھوں نے ساتھی کرکٹر ہرشل گبز کے ساتھ 2000 میں انکوائری کے دوران کنگز کمیشن کے سامنے جھوٹ بولا تھا کہ ہنسی کرونیے نے ناگپور میں بھارت کے خلاف ایک روزہ میچ میں ناقص کارکردگی دکھانے کے لیے انھیں 15ہزار ڈالرز کی پیش کش کی تھی۔ ہینری ولیمز نے اخبار'سنڈے ٹائمز'کو بتایا کہ انھوں نے اپنے قانونی ماہرین سے مشورے کے بعد ایسا کیا۔


انھوں نے اخبار کو بتایا کہ جب ہم نے اپنے قانونی ماہرین سے حقیقت کے بارے میں مشورہ کیا تو انھوں نے دھمکی دی کہ ایسا کرنے پر انھیں سزا کا سامنا کرنا ہوگا۔ ہینری ولیمز اور ہرشل گبز دونوں کو جرمانے کے ساتھ 6مہینے تک کھیل پر پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ آئی سی سی نے کرونیے پر تاحیات پابندی لگادی تھی۔ بعدازاں کرونیے 2002میں جہاز کے ایک حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔



ولیمز کا کہنا ہے کہ ان پر بیان دینے کے لیے دباؤ ڈالا گیا تھا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ اب اس قسم کا بیان کیوں دے رہے ہیں تو انھوں نے کہا کہ یہی سچ ہے، اس واقع کو گزرے عرصہ ہوگیا ہے اور میں اس کہانی کو بیان کرکے مطمئن ہوگیا ہوں۔ میں اس کے بارے میں کبھی بھی نہیں بھولا تھا ، لیکن میں اپنے ساتھ ہونے والے سلوک کو بھول چکا ہوں ۔ میں اسے دوسرے لوگوں کے لیے بیان کرنا چاہتا تھا تاکہ اس سے سبق حاصل کرسکیں۔
Load Next Story