قائداعظم ٹرافی کرکٹ رضوان خان کراچی وائٹس کے سامنے ڈٹ گئے

ناقابل شکست 80 رنز جوڑکر حیدرآباد کو 255 تک پہنچادیا،لاہور راوی کے خلاف ملتان کے شعیب مقصود نے سنچری جڑدی.

ملتان نے لاہور راوی کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر268 رنز بنالیے، فوٹو : فائل

قائد اعظم ٹرافی میں اتوار سے چوتھے رائونڈ کا آغاز ہوگیا۔

ملتان نے شعیب مقصود کی سنچری کی بدولت لاہور راوی کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر268 رنز بنالیے،اسلام آباد کی ٹیم سیالکوٹ کے خلاف 193 رنز پر آئوٹ ہوگئی،عاطف مقبول کی عمدہ بولنگ کے باوجود حیدرآباد نے کراچی وائٹس کے خلاف 6وکٹ گنواکر 255 رنز اسکور کرلیے،راولپنڈی نے فیصل آباد کو 266 رنز پرآئوٹ کردیا۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم سے موصولہ اطلاعات کے مطابق چار روزہ میچ کے پہلے دن کھیل کے خاتمے پر اسلام آباد اپنی پہلی اننگز میں 71.3اوورز میں193 رنز بناکر آئوٹ ہوگیا۔

امداد وسیم 70 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے،فہد اقبال نے 28 رنز بنائے، نیر عباس نے27 رنز دیکر 4 کھلاڑی ٹھکانے لگائے،عماد آصف اور پرنس عباس نے 2، 2 وکٹ اپنے نام کیں، جواب میں کھیل ختم ہونے تک سیالکوٹ نے6 اوورز میں ایک وکٹ کھو کر10 رنز بنائے۔ لاہور ہی کے ایل سی سی اے گرائونڈ پر ملتان نے میزبان لاہور راوی کے خلاف 80 اوورز میں 8 وکٹوں کی قربانی دیکر 268 رنز بنالیے،شعیب مقصود نے سنچری اسکور کرتے ہوئے107 رنز جوڑے اور اس دوران 17 مرتبہ گیند کو بائونڈری لائن کا راستہ دکھایا،نوید یاسین نے 80 رنز کا حصہ ڈالا جس میں 12 چوکے بھی شامل تھے۔


 



عدنان رسول نے81 رنز کے عوض4 مہمان بیٹسمینوں کو واپس پویلین پہنچایا، ذوالفقار بابر اور آصف اشتیاق کے حصے میں 2،2 وکٹیں آئیں۔گروپ بی میں نیاز اسٹیڈیم میںکراچی وائٹس کے خلاف میزبان حیدرآباد نے 86 اوورز میں 255 رنز بنائے اور اس کے 6کھلاڑی واپس پویلین پہنچ گئے،رضوان خان مہمان بولرز کے سامنے ڈٹ گئے، وہ 80 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں ،شرجیل خان نے 64 رنز جوڑے،آف اسپنر عاطف مقبول نے ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے91 رنز کے عوض 4 میزبانوں کو میدان سے باہر بھیجا۔

آزاد جموں وکشمیر کے میر پور خاص اسٹیڈیم میںفیصل آباد کی ٹیم سخت سردی اور راولپنڈی کے بولرز کا سامنا نہ کرسکی اور 72.1 اوورز میں226 رنز پر ڈھیر ہوگئی،محمد سلمان نے ناقابل شکست 70 رنز جوڑے جبکہ ذیشان آصف نے 45 رنزکی اننگز کھیلی، صدف حسین نے 63 رنز دیکر 4 بیٹسمینوں کو ڈریسنگ روم پہنچایا جبکہ حسیب اعظم نے 3 اور اعظم ملک نے 2 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگا دیا، جواب میں راولپنڈی کا بھی آغاز اچھا نہ تھا پہلے روز کا کھیل ختم ہونے پرمحض 2 رنز کے اسکور پر دوسرے اوورکی پہلی گیند پر پہلی وکٹ گنوادی۔
Load Next Story