شہر میں دھرنے شارع فیصل سمیت کئی علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر

ٹرین سروس معطل ہوگئی، مسافروں کو ٹکٹ کی رقوم واپس کردی گئیں،ریلوے انتظامیہ شہریوں کو تسلی بخش جواب نہ دے سکی

نمائش چورنگی پر سانحہ کوئٹہ کے خلاف احتجاجی دھرنا دیے بیٹھی خواتین نعرے لگا رہی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

شہر میں احتجاجی دھرنوں کے باعث اتوار کو بھی شارع فیصل سمیت دیگر علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

مظاہرین کے ریلوے ٹریک پر دھرنے کے باعث ٹرین سروس بھی معطل ہو گئی اندرون ملک آنے اور جانے والی گاڑیاں24 گھنٹے تاخیر ہونے کے باوجود منزل پر نہ پہنچ سکیں ، اندرون ملک جانے اور اندرون ملک سے آنے والے افراد کو لینے آنے والوں کا کینٹ اسٹیشن پر رش لگ گیا ، اندرون ملک جانے والی متعدد گاڑیاں معطل کر دی گئیں ، ریلوے انتظامیہ شہریوں کو تسلی بخش جواب نہیں دے سکی۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں شارع فیصل ، اسٹار گیٹ ، ملیر15نیشنل ہائی وے ، رضویہ سوسائٹی ، شارع پاکستان پر لیاقت آباد ، انچولی سوسائٹی اور نمائش چورنگی سمیت دیگر علاقوں میں گزشتہ36گھنٹوں سے احتجاجی دھرنوں کے باعث اتوار کو بھی شہر کے مختلف علاقوں نیشنل ہائی وے ، ائیر پورٹ ، شارع فیصل ، راشد منہاس روڈ ، گلشن اقبال سمیت مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر رہی متعدد علاقوں میں گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ احتجاجی مظاہرین نے ملیر15کے قریب ریلوے ٹریک پر بھی دھرنا دیدیا جس کے باعث اندرون ملک آنے جانے والی ٹرین سروس بھی معطل ہو گئی۔




اتوار کو کراچی سے صرف شالیمار ایکسپریس ، عوام ایکسپریس اور ہزارہ ایکسپریس روانہ ہو سکیں جبکہ پاکستان ایکسپریس ، علامہ اقبال ایکسپریس ، ملت ایکسپریس ، تیز گام ، قراقرم ، نائٹ کوچ ، فرید ایکسپریس اور ذکریا ایکسپریس کراچی سے روانہ نہ ہو سکیں ، ریلوے انتظامیہ نے اندرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے اسٹیشنوں پر اعلان کرایا کہ جو مسافر بھی ٹکٹ واپس کرانا چاہے وہ اپنی پوری رقم واپسی کے ساتھ ٹکٹ واپس کرا سکتا ہے ، ریلوے انتظامیہ نے اندرون ملک جانے والی خیبر میل ، سکھر ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس کو معطل کر کے اس کے مسافروں کے ٹکٹ پورے پیسوں کے ساتھ واپس دے دیے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ اندرون ملک سے اتوار کی صبح آنے والی تیز گام ، بابا فرید ایکسپریس اور زکریا ایکسپریس کو احتجاجی دھرنوں کے باعث لانڈھی ریلوے اسٹیشن پر روک دیا جبکہ اتوار کی شام ساڑھے6 بجے کراچی آنے والی قراقرم ایکسپریس رات10 بجے تک ٹنڈو آدم ریلوے اسٹیشن پر موجود تھی ، اتوار کی علی الصباح کراچی آنے والی خیبر میل میل کا چیچہ وطنی میں انجن فیل ہو گیا تھا جس کے باعث وہ شام7 بجے خانیوال پہنچی جبکہ ہزارہ ایکسپریس شام ساڑھے5بجے تک روہڑی ریلوے اسٹیشن ، عوام ایکسپریس ٹنڈو آدم کے قریب پالی جانی ریلوے اسٹیشن اور شالیمار ایکسپریس پنو عاقل ریلوے اسٹیشن پر موجود تھی جبکہ کراچی سے اندرون ملک جانے والی صرف شالیمار ایکسپریس روہڑی تک پہنچ سکی تھی ، ٹرینوں کی آمد رفت کے متاثر ہونے سے اندرون ملک آنے اور اندرون ملک سے آنے والوں کو لینے آئے ہوئے سیکڑوں افراد کا کینٹ اسٹیشن پر رش لگ گیا تھا۔
Load Next Story