بنگلادیش کی 100 ویں ٹیسٹ میں فتح پر ’شکوک‘ بڑھنے لگے

امریکا سے کال پر اینٹی کرپشن حکام چوکنا،سری لنکن پلیئرکو طلب بھی کر لیا

ہوم سیریزکے دوران کئی مشکوک افرادکواسٹیڈیمز سے باہر نکالا جا چکا، رپورٹ۔ فوٹو : فائل

سری لنکن کرکٹ پر بھی فکسنگ کے گہرے بادل منڈلانے لگے۔

بنگال ٹائیگرزکے خلاف ابتدائی ٹیسٹ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والی سری لنکن ٹیم حیران کن طور پر آخری ٹیسٹ ہار گئی تھی، بنگال ٹائیگرز نے اپنا سنچری ٹیسٹ کامیابی سے یادگار بنالیا تھا، اس وقت بھی اس نتیجے پر کافی حیرانی ظاہر کی گئی جبکہ سری لنکن بورڈ نے ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا تھا، اب اسی حوالے سے کچھ مشکوک چیزیں بھی سامنے آئی ہیں، میچ کے دوران ہی ایک کھلاڑی کو امریکا سے کال موصول ہوئی جس پر اسے دوسرے ٹیسٹ کے اختتام پر آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے طلب کیا گیا۔

سری لنکا میں اینٹی کرپشن کے معاملات آئی سی سی آفیشل لکشمن ڈی سلوا دیکھتے ہیں۔ انھوں نے ایک سری لنکن کرکٹر کی طلبی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے امریکا سے آنے والی ایک کال کے بارے میں ان سے پوچھ گچھ کی، پلیئرنے خودہی اس بارے میں اتھارٹیز اور اینٹی کرپشن آفیشلز کومطلع کیا جو پوچھ گچھ کے موقع پر موجود تھے۔


ڈی سلوانے کہا کہ ہم کسی ایسی چیز تک نہیں پہنچ سکے جس میں مذکورہ کھلاڑی کوکسی غلط کام میں ملوث سمجھا جائے، ہم امریکا سے فون کرنے والے اس 'فین' کے بارے میں تفصیلات حاصل کریں گے، چونکہ ایسے معاملات میں بہت زیادہ رقم شامل ہوتی ہے اس لیے ہم کافی چوکنے رہتے اور خاص طور پر بیرون ملک سے آنے والی کالز پر نظر رکھتے ہیں۔

ڈی سلوانے یہ بھی انکشاف کیا کہ بنگلہ دیش سے حالیہ ٹیسٹ سیریز کے دوران کئی ایسے پچ سائیڈرز کو میدان سے باہر نکالا گیا جن پر شک تھا کہ وہ مقابلے کی تفصیلات موبائل فونز کے ذریعے باہر بھیج رہے ہیں۔

علاوہ ازیں ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ایک سے زائد پلیئرز ملوث ہیں تاہم ڈی سلوا نے ان کی تردید کردی ہے۔یاد رہے کہ ماضی میں بھی سری لنکا کرکٹ میں مشکوک چیزیں رونما ہوتی رہی ہیں، چندکھلاڑیوں کو معمولی سزائیں بھی ہوئی تھیں۔
Load Next Story