مسائل کا حل شفاف اور منصفانہ انتخابات ہے عاصمہ جہانگیر

بلوچستان میں انتخابات نہ ہوئے تو حالات وفاق کے قابو سے بھی باہر ہوجائیں گے، عاصمہ جہانگیر

عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی ذمے داریوں سے جان نہیں چھڑاسکتی،صوبائی معاملات پر نظررکھنا بھی وفاق کی آئینی ذمے داری ہے۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ ملکی مسائل کا مستقل حل شفاف اور منصفانہ انتخابات ہیں۔

مگر ایسا لگتا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ انتخابات سے قبل امن و امان کا قیام نہیں چاہتی، بلوچستان حکومت کی ناکامی درحقیقت وفاق کی ناکامی ہے، گورنر راج کا نفاذ بلوچستان کے مسلے کا پائیدار حل نہیں، بلوچستان میں انتخابات نہ ہوئے تو حالات وفاق کے قابو سے بھی باہر ہوجائیں گے، وہ پیر کو سندھ ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن کے خصوصی جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کررہی تھیں،اس موقع پر صدر سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن مصطفی لاکھانی اور کراچی بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سمیت دیگر وکلا رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔




عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی ذمے داریوں سے جان نہیں چھڑاسکتی،صوبائی معاملات پر نظررکھنا بھی وفاق کی آئینی ذمے داری ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان اگراپنے دور میں متحرک رہتے اور گرفت مضبوط رکھتے تو امن و امان کی صورت حال یہ نہ ہوتی، وہ پانچ سال تک نظر نہیں آئے جس سے حالات بگڑتے چلے گئے، بلوچستان میں انتخابات نہ ہوئے تو حالات وفاق کے قابو سے بھی باہر ہوجائیں گے، انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بلوچستان کیس میں اپنی حدود سے تجاوز کیا، سپریم کورٹ کی سیاسی معاملات میں مداخلت مناسب نہیں۔

آئین عدلیہ کوحکومت برطرف کرنے کی اجازت نہیں دیتا، حکومت کی برطرفی کا طریقہ کار بھی آئین میں درج ہے، دریں اثنا سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے متفقہ طور پر منظور کردہ قرارداد میں کہا ہے کہ وفاقی و بلوچستان حکومت امن و امان کے قیام میں ناکام ہوگئی ہیں ۔
Load Next Story