یوم سوگ پر اسپتالوں سے عملہ غائب مریض پریشانی کا شکار

درجنوں آپریشن ملتوی کردیے گئے، اوپی ڈی و دیگر یونٹس بند،محکمہ صحت نے اسپتالوں میں عملے کی حاضری کیلیے اقدامات نہ کیے

سندھ ہائیکورٹ اور کراچی کی ماتحت عدالتوں میں وکلانے مکمل ہڑتال کی جس کے باعث سیکڑوں مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی فوٹو : این این آئی

کراچی میں یوم سوگ کے اعلان کے باوجود محکمہ صحت نے سرکاری اسپتالوں میں عملے کی ڈیوٹیوں کویقینی بنانے کیلیے کوئی اقدامات نہیں کیے ۔

جس کی وجہ سے پیرکو تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرسمیت دیگرعملے کی حاضریاں نہ ہونے کے برابر رہی،ان اسپتالوں میں عملے اور ڈاکٹروںکی حاضریاں نہ ہونے کی وجہ سے درجنوں آپریشن ملتوی کردیے گئے جبکہ اسپتالوں کے ایکسرے، لیب، اوپی ڈی سمیت دیگریونٹس بھی مکمل طور پر بند رہے۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ کوئٹہ کے بعد اتوارکوکراچی میں مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے پیرکویوم سوگ اورہڑتال کی اپیل کااعلان کیاگیاتھا لیکن صوبائی محکمہ صحت نے یوم سوگ اورہڑتال کی اپیل کے اعلان کے باوجودکسی بھی سرکاری اسپتال میں ایمرجنسی صورتحال کے لیے اپنے ملازمین کی ڈیوٹیوں کویقینی بنانے کیلیے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے۔




جس کے نتیجے میں پیرکو سول اسپتال سمیت دیگر سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز سمیت دیگر عملے کی حاضریاں نہ ہونے کے برابر رہی ان اسپتالوں میں ہونے والے درجنوں مریضوں کے آپریشن ملتوی کردیے گئے جبکہ اسپتالوں کی او پی ڈیز سمیت دیگر یونٹ بھی عملاً مکمل طور پر بند رہے جس کی وجہ مریضوںکو شدید مشکلات کاسامنا کرناپڑا۔

پیرکوہڑتال کے موقع پرپبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے جناح اسپتال،سول اسپتال ، عباسی شہید اسپتال سمیت متعدد اسپتالوں میں طبی عملہ نہ پہنچ سکاتھا ، بیشتراسپتالوں کے انتظامی افسران بھی اسپتال نہ پہنچ سکے،واضح رہے کہ محکمہ صحت نے ہڑتال کے اعلان کے باوجود بھی سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو طبی امدادکی فراہمی کیلیے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے تھے۔

علاوہ ازیں پاکستان بار کونسل کی اپیل پرہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کیلیے سندھ ہائیکورٹ اور کراچی کی ماتحت عدالتوں میں وکلانے مکمل ہڑتال کی اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے، وکلاکی ہڑتال کے باعث عدالتوں میں سناٹا چھایارہا جبکہ جیلوں سے پیشی کیلیے قیدیوں کو بھی نہیں لایاگیا، وکلا عدالتوں میں پیش ہونے کے بجائے بار روم میں جمع گئے جہاں سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے تحت جنرل باڈی اجلاس ہوا، دوسری جانب سندھ بھر کی طرح کراچی میں بھی ماتحت عدالتوں کامکمل بائیکاٹ کیا گیا جس کے باعث سیکڑوں مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی۔
Load Next Story