جیل چورنگیٹریفک حادثے پر نامعلوم افراد نے کوچ جلا دی

2 گاڑیوں کو معمولی نقصان پہنچنے پرکارسوارکوچ کو آگ لگا کر فرار ہوگئے.

فائربریگیڈ کے تاخیر سے پہنچنے پر مسافر کوچ مکمل طور پر جل گئی ،پولیس فوٹو: فائل

جیل چورنگی کے قریب معمولی ٹریفک حادثہ ہونے پر نامعلوم افراد نے مسافر کوچ نذر آتش کردی۔

تفصیلات کے مطابق جیل چورنگی کے قریب یونیورسٹی روڈ پر مسافر کوچ نے دو گاڑیوں کوٹکر مار دی جس کے نتیجے میں دو نوں گاڑیوں کو معمولی نقصان پہنچا تاہم گاڑیوں میں سوار افراد نے مسافر کوچ کے ڈرائیور سے تلخ کلامی کرنے کے بعد مسافر کوچ سے سواریوں کو نیچے اتار کر سپر حسن زئی روٹ کی مسافر کوچ PE-5344 پر پٹرول چھڑکنے کے بعد آگ لگا دی اور خود گاڑیوں میں بیٹھ کر فرار ہو گئے۔




مسافر کوچ کو نذرآتش کیے جانے کی اطلاع ملتے ہی نیو ٹائون پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فائر بریگیڈ کو طلب کرلیا، فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر مسافر کوچ میں لگنے والی آگ کو بجھایا ، ڈی ایس پی نیو ٹائون ناصر لودھی نے ایکسپریس کو بتایا کہ مسافر کوچ نے جن گاڑیوں کو ٹکر ماری وہ گرے رنگ کی پریمو اور وٹس تھیں۔

تاہم ان کے نمبر پولیس کو معلوم نہیں ہو سکے، انھوں نے بتایا کہ مسافر کوچ میں آگ لگنے کی اطلاع فوری طور پر فائر بریگیڈ کو کردی گئی تھی تاہم فائر بریگیڈ کا عملہ کچھ تاخیر سے پہنچا جس کی وجہ سے مسافر کوچ مکمل جل گئی ، انھوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد جلائی جانیوالی مسافر کوچ کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر وقوعے سے غائب ہو گئے تھے، اگر وہ تھانے آئے تو مقدمہ درج کرلیا جائیگا۔
Load Next Story