طاہر القادری مذاکرات پر تیار ہیں چوہدری شجاعت بات صرف جمہوری انداز میں ہوگی صدر

چوہدری برادران کو طاہرالقادری سے مذاکرات کا ٹاسک دیدیا گیا،صدر سے چوہدری شجاعت کا ٹیلیفون پر رابطہ

صدر زرداری آئندہ چند روز میں بلوچستان کا دورہ کریں گے ، ذوالفقار مگسی کوفون،گورنر راج کے بعد کی صورت حال پر تبادلہ خیال۔ فوٹو : فائل

KARACHI:
پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ڈاکٹر طاہر القادری سے مذاکرات کے لیے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالٰہی کو مکمل ٹاسک دے دیا ہے ۔

ذرائع نے بتایا کہ چوہدری شجاعت حسین نے پیر کو بھی صدر آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ۔ صدر نے کہا کہ کسی کی ذاتی خواہش پر آئین میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی ۔ صدر نے واضح کیا ہے کہ حکومت مذاکرات صرف جمہوری انداز میں ہی کرے گی نظام میں اصلاحات جمہوری طریقے سے صرف پارلیمنٹ کے ذریعے ہی کی جائیں گی ۔ چوہدری شجاعت نے صدر کو بتایا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری حکومت سے مذاکرات پر تیار ہیں۔ دریں اثنا صدر زرداری نے بلوچستان کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے لیا ہے ، آئندہ چند روز میں بلوچستان کا دورہ کریں گے ۔

صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق صدر اپنے دورہ بلوچستان کے موقع پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کریں گے ۔ صدر بلوچستان میں قیام امن کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ بھی لیں گے ۔ ترجمان کے مطابق صدر مملکت بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حوالے سے بھی کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیں گے ۔ ذرائع کے مطابق صدر بلوچستان میں چند روز قیام کریں گے۔ وہ اپنے دورے کے دوران بلوچستان کی سیاسی صورت حال ، پیپلز پارٹی کی تنظیم نو ، آئندہ انتخابات میں بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی شرکت ، پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے مابین تعلقات سمیت اہم امور پر مشاورت کریں گے ۔




ذرائع کے مطابق صدر بلوچستان میں مزید ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کریں گے اور صدر کوئٹہ دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔ صدر اپنے دورے کے دروان ان خاندانوں کی داد رسی اور کفالت کے لیے مزید اہم اعلان بھی کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق صدر آغاز حقوق بلوچستان پیکج کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ بھی لیں گے ۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے پیر کو گورنر بلوچستان ذوالفقار مگسی کو ٹیلی فون کیا ۔

اس موقع پر انھوںنے صوبے میں گورنر راج کے بعد کی صورت حال، امن و امان اور سیاسی امور پر گورنر سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔صدر نے گورنر بلوچستان کو ہدایت کی کہ صوبے میں قیام امن کے لیے سخت ترین اقدامات کیے جائیں عوام کے مسائل کو حل کیا جائے اور ترقیاتی منصوبوں کو بر وقت مکمل کیا جائے ۔ذرائع کے مطابق صدر نے وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔رحمٰن ملک نے صدر کو ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ اور سیکیورٹی امور پر بریفنگ دی ۔ صدر نے رحمٰن ملک کو ہدایت کی کہ لانگ مارچ میں شامل افراد کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ۔

Recommended Stories

Load Next Story