عملہ خوفزدہ لیاری اور ملیر میں خانہ شماری کا کام مُتاثر

نامعلوم افراد نے متعدد علاقوں میں تصدیق کنندگان کو کام سے روک دیا۔

پانچوں اضلاع میں فوج اور رینجرز گشت کرتی رہی،ذرائع، خانہ شماری کاکام آج مکمل کرنیکی کوشش کی جائیگی، تصدیق کنندگان حسب معمول صبح سے فیلڈ میں پہنچ گئے تھے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
سپریم کورٹ کی جانب سے وزیراعظم راجا پرویز اشرف کی گرفتاری کے حکمنامے کے ردعمل میں لیاری، ملیر اور دیگر علاقوں میں ہوائی فائرنگ، ہنگامہ آرائی اور کشیدگی کے باعث الیکشن کمیشن کا عملہ خانہ شماری کا کام مکمل نہ کرسکا۔

متعدد علاقوں میں نامعلوم افراد نے تصدیق کنندگان کو کام کرنے سے روک دیا جبکہ دیگر علاقوں میں خوف وہراس کے باعث عملے کو واپس آنا پڑا، صوبائی الیکشن کمشنر محبوب انور نے کہا ہے کہ شہر میں غیر یقینی صورتحال کے باعث خانہ شماری کا کام سست روی کا شکار ہوا ، مجموعی طور پر خانہ شماری کا کام60فیصد مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ شیڈول کے مطابق گھر گھر ووٹرز لسٹوں کی تصدیق کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے وزیراعظم راجا پرویز اشرف کی گرفتاری کے حکمنامے کے باعث نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کے باعث ضلع جنوبی اور ضلع ملیر کے بیشتر علاقوں میں خانہ شماری کا کام نہ ہوسکا جبکہ ضلع شرقی اور ضلع غربی جزوی طور پر متاثر ہوئے، ضلع وسطی میں حسب معمول کام ہوتا رہا اور عملے نے خانہ شماری کا 90فیصد کام مکمل کرلیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ پانچوں اضلاع میں فوج اور رینجرز گشت کرتی رہی، تصدیق کنندگان حسب معمول صبح ہی سے فیلڈ میں پہنچ گئے تھے تاہم جیسے ہی سپریم کورٹ کا حکمنامہ جاری ہوا، لیاری ، ملیر اور اورنگی ٹائون کے کچھ علاقوں میں فائرنگ شروع ہوگئی جس کے باعث عملے کو فوری طور پر واپس آنا پڑا اور خانہ شماری کا کام ان علاقوں میں نہ ہوسکا۔




واضح رہے کہ خانہ شماری کا کام 14 جنوری کو مکمل کیا جانا تھا تاہم شہر میں امن وامان کی مسلسل تین روز سے خراب صورتحال کے باعث یہ کام بروقت مکمل نہ کی جاسکی، اتوار اور پیر کوسانحہ کوئٹہ کے خلاف مظاہروں اور دھرنوں کے باعث خانہ شماری کا کام متاثر رہا، ڈسٹرکٹ غربی کے متعلقہ ضلعی افسر نے بتایا کہ خانہ شماری کا کام اورنگی ٹائون کے کچھ علاقوں میں متاثر رہا جبکہ کیماڑی ٹائون ، بلدیہ ٹائون اور سائٹ ٹائون میں حسب معمول کام ہوتا رہا، انھوں نے کہاکہ ضلع غربی میں 70فیصد سے زائد کام مکمل کیا جاچکا ہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر محبوب انور نے بتایا کہ خانہ شماری کاکام بدھ کو مکمل کرنے کی کوشش کی جائیگی تاہم جن بلاکس میں خانہ شماری کا کام مکمل کیا جاچکا ہے وہاں شیڈول کے مطابق گھر گھر ووٹرز لسٹوں کی تصدیق کا کام شروع ہوچکا ہے، انھوں نے کہاکہ ناظم آباد سوسائٹی، بفرزون،فیڈرل بی ایرایا،نارتھ کراچی، رنچھوڑ لائن اور دیگر علاقوں میں منگل کوووٹر لسٹوںکا کام شروع کردیا گیا ہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ شہر میں مجموعی طور پر خانہ شماری کا کام 60فیصد تک مکمل کرلیا گیا ہے، صوبائی الیکشن کمیشن کے پاس یکم فروری تک مہلت ہے جس میں خانہ شماری و انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا بیک وقت کام کیا جاسکتا ہے، انھوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے عملے کے ساتھ تعاون کریں اور شکایات کی صورت میں متعلقہ ضلعی الیکشن کمشنر کے دفاتر یا اسسٹنٹ رجسٹریشن افسران سے رابطہ کریں۔
Load Next Story