آئی پی ایل کا فلمی اسٹائل میں میلہ آج سے سجے گا

حیدرآباد دکن میں مرکزی افتتاحی تقریب ہو گی، ایمی جیکسن کی بھی آمد متوقع

ایمی جیکسن،پرنیتی چوپڑا،شردھااورٹائیگرشروف فن کا مظاہرہ کرتے دکھائی دینگے فوٹو: فائل

انڈین پریمیئر لیگ کا فلمی اسٹائل میں میلہ بدھ سے سجے گا، دسویں ایڈیشن کی مرکزی افتتاحی تقریب حیدرآباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق 2008 میں شروع ہونے والی آئی پی ایل کا دسواں ایڈیشن بدھ سے کھیلا جائے گا، اس بار ایک کے بجائے 8 افتتاحی تقاریب سجائی جائیں گی، مرکزی تقریب پہلے میچ کے میزبان حیدرآباد دکن میں ہی ہوگی جس میں اداکارہ ایمی جیکسن کی آمد متوقع ہے۔


اس میں لیزرشو کا بھی اہتمام کیا جائے گا، بالی ووڈ کا مکمل تڑکا لگانے کا ارادہ کر لیا گیا،ایونٹ میں شریک آٹھوں ٹیموں کے کپتانوں کی جانب سے چارٹر آف اسپرٹ پر ' ڈیجیٹل' سائننگ ہوگی، موسیقی اور رقص کا بھرپور مظاہرہ بھی کیا جائیگا۔ دیگر تمام میزبان وینیوز پر بھی وہاں کے پہلے میچ سے قبل اسی طرح کی تقاریب سجائی جاتی رہیں گے جس میں مختلف فلمی ستارے شریک ہوں گے،ان میں پرنیتی چوپڑا، شردھاکپور اور ٹائیگرشروف بھی شامل ہیں۔ ایونٹ کا پہلا میچ میزبان و دفاعی چیمپئن سن رائزرز حیدرآباد اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان کھیلا جائے گا۔

آئی پی ایل کے چیئرمین راجیو شکلا نے کہاکہ لیگ کو دس برس ہوچکے مگر مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے، اس بار بھی زیادہ تر میچز کے دوران اسٹیڈیمز مکمل بھرے ہوئے ہوں گے۔ یاد رہے کہ آئی پی ایل اپنے آغاز سے ہی فکسنگ الزامات کی زد میں رہی، کرپشن الزامات اور بے ضابطگیوں کی وجہ سے اس ایونٹ کے ماسٹر مائنڈ للت مودی اس وقت انگلینڈ میں خود ساختہ جلاوطنی اختیار کیے ہوئے ہیں، 2 فرنچائزز چنئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز کی فکسنگ الزامات میں ہی معطلی کا دوسرا برس ہے۔ شکلا نے کہاکہ یہ سب چیزیں ماضی کا حصہ بن چکی، اب زیادہ سخت انتظامات کیے جاتے ہیں، اس بار بھی ہمارا ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔
Load Next Story