عباسی شہید اسپتال کی ابتر صورتحال پر ایم ایس اور ڈی ایم ایس معطل

شعبہ حادثات کو 24 گھنٹے فعال اور ڈاکٹروں کی حاضری یقینی بنائی جائے، میئرکراچی وسیم اختر

میئرکے دورے پر مریضوں نے وسیم اختر کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے۔ فوٹو: فائل

میئر کراچی وسیم اختر نے عباسی شہید اسپتال میں بدانتظامی اور صفائی کی ابتر صورتحال پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ندیم راجپوت اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر محمد علی مرزا کو معطل کردیا۔

میئر کراچی ہفتہ کی سہ پہر اچانک عباسی شہید اسپتال پہنچے اور اسپتال میں گندگی اور کچرے کے ڈھیردیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا جبکہ عباسی شہید اسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کے دوران مریضوں نے میئر کراچی وسیم اختر کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے۔

میئر کراچی نے کہا کہ بہت ہوچکا اب ناقابل برداشت ہوگیا، انھوں نے ہدایت کی کہ یورولوجی وارڈ میں ایئرکنڈیشنڈ کی مرمت کا کام کل سے شروع ہوجانا چاہیے،عباسی شہید اسپتال کے شعبہ حادثات کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے اور ڈاکٹرز کی حاضری یقینی بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال شہر کا تیسرا بڑا اسپتال ہونے کی وجہ سے شہرکے لیے اہمیت کا حامل ہے اورشہریوںکی بڑی تعداد علاج معالجے کیلیے اس اسپتال کا رخ کرتی ہے لہٰذا ایسے اسپتالوں اور طبی اداروں میں عملے کی غیر حاضری اور غفلت شہریوں کیلیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے لہٰذا اسپتال کے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی بہتری اسی میں ہے کہ وہ پابندی سے اپنی ڈیوٹی پر آئیں اور پوری ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریں۔


دریں اثنا میئرکراچی نے اس دوران کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور کڈنی سینٹرنارتھ ناظم آباد کا بھی دورہ کیا، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے،میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین کی حاضری چیک کی،انھوں نے کہا کہ سینئر پروفیسرز اور ڈاکٹرز طبی اداروں میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وسیم اختم نے کہا کہ کڈنی سینٹر میں گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کی ڈائیلائسز شروع کرنے کے لیے این جی او سے معاہدہ کیا گیا ہے،کڈنی سینٹرکوجلد ہی اپ گریڈ کرکے اسے سٹی ڈائیگنوسٹک سینٹر بنایا جائے گا جہاں امراض کی تشخیص کے لیے جدید ٹیکنالوجی دستیاب ہوگی۔

بعدازاں میئر کراچی وسیم اختر نے گجرنالے کا دورہ کیا اور وہاں ہٹائی گئیں تجاوزات کا جائزہ لیا، انھوں نے کہا کہ پلان کے مطابق حکومت سندھ گجرنالے کے اطراف سڑک اور حفاظتی دیوار فوری تعمیر کرے تاکہ یہاں آئندہ تجاوزات کو قائم ہونے سے روکا جاسکے۔

 
Load Next Story