کلبھوشن کو سزا دے کر پاکستانیوں کے دل ٹھنڈے کر دیے اپوزیشن رہنما

عوام کا ریاست پر اعتماد بڑھے گا، دشمن عناصر کو سخت پیغام جائے گا، قانون کے مطابق سزا دی

فضل الرحمن، سراج الحق، شیخ رشید، رحمن ملک، مشرف، اسد عمر، سردار عتیق، عبدالرحمن مکی ،ثنا زہری ،سرفراز بگٹی و دیگر کا ردعمل۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
اپوزیشن کے سیاسی رہنماؤں نے بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو کو سزائے موت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل بھوشن کو سزا سے عوام کا ریاست پر اعتماد بڑھے گا، پھانسی سے ریاست کو تقسیم کرنے والوں اور دشمن عناصر کو سخت پیغام جائے گا، بھارت ایسی حرکتیں نہ کرے، کل بھوشن ریاست کے خلاف جرم کرتے ہوئے پکڑا گیا، کل بھوشن کو قانون کے مطابق سزا سنائی گئی۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہاکہ دشمن کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، سزا کا فیصلہ انتہائی احسن اقدام ہے، جس نے پاکستانیوں کے دل ٹھنڈے کردیے۔

ادھر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ بھارت کو سوچنا چاہیے کہ وہ کیوں دوسرے ملکوں میں مداخلت کرتا ہے اور کل بھوشن کی سزا کے بعد اسے سوچنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔ امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہاکہ پوری قوم کل بھوشن سے متعلق فیصلے پرایک ہے، کل بھوشن ایک فرد نہیں آرگنائزیشن کا نام ہے، سزا سے عوام کا ریاست پر اعتماد بڑھے گا۔


دوسری جانب آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویزمشرف نے کہا کہ اچھا فیصلہ ہے، کئی پاکستانی ٹرائل کے بغیر بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔پیپلزپارٹی کے رہنما نیر بخاری نے کہاکہ ملکی مفاد مقدم رکھنا مسلمہ بین الاقوامی اصول ہے، دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کیلیے ملک کی حفاظت کو ترجیح بناکر مکمل یکجہتی کا مظاہرہ ہونا چاہیے۔ سینیٹر رحمن ملک نے کہاکہ کل بھوشن کو سزائے موت دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں، پاکستان دشمن عناصر کو سخت پیغام ملے گا، کسی کو بھی وطن عزیز میں دہشت گردی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہاکہ کل بھوشن یادیوکی سزائے موت اچھا اقدام ہے، مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین حافظ عبدالرحمن مکی، سردار عتیق احمد خاں، اجمل خان وزیر، پیر سید ہارون علی گیلانی، علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، ضیااللہ شاہ بخاری اور مولانا امیر حمزہ نے کہا ہے کہ بی جے پی سرکار اس فیصلے پر شور مچانے کے بجائے پاکستان میں دہشت گردی کا سلسلہ بند کرے، حکومت پاکستان کوکل بھوشن کو پھانسی دینے میں کسی قسم کے بیرونی دباؤ کا شکار نہیں ہونا چاہیے، فی الفور پھانسی دی جائے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ خان زہری نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو ملٹری کورٹ کے تحت سزائے موت کے فیصلے کو انصاف پر مبنی قرار دیتے ہوئے فیصلے کی بھرپور حمایت کی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس فیصلے نے ثابت کردیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را" پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں بدامنی پھیلانے میں براہ راست ملوث ہے، کلبھوشن یادیو نے اپنے نیٹ ورک کے ہمراہ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کا ناقابل معافی جرم کیا جس کی سزا موت ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عبدالقیوم نے کہا''را'' کے ایجنٹوں کوکیفرکردار تک پہنچایا جائیگا۔ بھارتی حکومت کو معاملے سے آگاہ کیا تھا، یقین ہے کلبھوشن یادیو کی سزا پر عملدرآمد ہوگا۔ وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا بلوچستان میں دہشت گردی''را'' اور''این ڈی ایس'' کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے، را افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کوفنڈنگ کرتی ہے، کلبھوشن ایک شخص نہیںپوری تنظیم کانام ہے، فیصلہ بلوچستان میں انسداددہشت گردی کیلیے معاون ثابت ہوگا جبکہ وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیوفرد نہیں،پوری تنظیم کانام ہے، اس کی پھانسی کا فیصلہ بلوچستان میں انسداددہشت گردی کیلیے معاون ثابت ہوگا۔
Load Next Story