بھارت کو یورینیم برآمد کرنے کیلیے تیار ہیں آسٹریلوی وزیراعظم

نئی دہلی میں وزرائے اعظم کی ملاقات، انسداد دہشت گردی کے 6معاہدوں پردستخط

یورینیم کی پہلی کھیپ جلد ارسال کریں گے، میلکم ٹرن بل کی مودی کیساتھ پریس کانفرنس۔ فوٹو: فائل

LONDON:
آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرن بل نے کہا ہے کہ کینبرا حکومت بھارت کو یورنیم برآمد کرنے پر تیار ہے تاہم دونوں ممالک کے مابین 3 برس قبل اس حوالے سے ایک ڈیل کو حتمی شکل دی گئی تھی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی وزیر اعظم میلکم ٹرن بل نے گزشتہ روز نئی دہلی میں اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کیساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ انکی حکومت بھارت کو یورنیم کی پہلی کھیپ جلد از جلد ارسال کرنے کا موقع تلاش کر رہی ہے۔


اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے کہا کہ آسٹریلیا اور بھارت کے مابین توانائی کے شعبے میں تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آسٹریلیا نے 3 برس قبل پرامن مقاصد کی خاطر بھارت کو یورنیم کی فراہمی پر رضا مندی ظاہر کی تھی اور اس حوالے سے ایک باقاعدہ ڈیل پر دستخط بھی کیے گئے تھے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا کا شمار یورنیم برآمد کرنے والے بڑے ممالک میں ہوتا ہے۔

ٹرن بل نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کی حکومت بھارت کے ساتھ مل کرکام کر رہی ہے تاکہ نئی دہلی کو اس کے سول جوہری پروگرام کی خاطر یورنیم فراہم کیا جائے۔ بھارت میں مجموعی طور پر20 سے زائد جوہری ری ایکٹر فعال ہیں جو ملک میں بجلی کی کافی پیداوار کو یقینی بنانے کی کوشش میں ہیں۔

علاوہ ازیں بھارت اور آسٹریلیا نے انسداد دہشت گردی میں تعاون سمیت 6 معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
Load Next Story