کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ٹائرکمپنی کے جنرل منیجر سمیت 5افرادجاں بحق

متحدہ کے کارکن سمیت 7زخمی،حسن کے قتل پرعلاقہ مکینوں کانیشنل ہائی وے پراحتجاجی دھرنا

گولیمارمیں شادی ہال کے اندراورنارتھ ناظم آباد بلاک این میں پکوان ہائوس کے باہر فائرنگ۔ فوٹو: فائل

کراچی میں بدھ کو ٹائر کمپنی کے جنرل منیجر سمیت 4افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے جبکہ متحدہ کے کارکن سمیت5افراد زخمی ہوگئے۔

نا معلوم مسلح افراد نے گولیمار میں شادی ہال کے اندر اور نارتھ ناظم آباد بلاک این میں پکوان ہائوس کے باہر فائرنگ کردی شادی ہال میں بھگدڑ مچ گئی اورپکوان ہائوس کے ملازمین نے شٹرگراکرجان بچائی۔ جنرل منیجر حسن کے قتل پر علاقہ مکینوں نے نیشنل ہائی وے پراحتجاجی دھرنا دے کر ٹریفک معطل کردیا جس کے نتیجے میں دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، سعودآباد کے علاقے ملیرمحمدی ڈیرے امام بارگاہ کے قریب موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں کی فائرنگ سے 55 سالہ حسن ابن حسین جاں بحق ہوگئے ۔واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی اورخوف وہراس پھیل گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول حسن ابن حسین جنرل ٹائرکمپنی میں جنرل مینجرتھے اور صبح اپنی پوتی کو گھر کے قریب واقع اسکول چھوڑ کر واپس گاڑی کی جانب جا رہے تھے کہ تعاقب میں آنے والے ملزمان کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے، مقتول کو گردن اور بازو پر گولیاں لگیں، علاقہ مکینوں نے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا،مقتول حسن 4 بیٹوں اور ایک بیٹی کے باپ تھے،گارڈن کے علاقے رامسوامی مدینہ مسجد کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ 28 سالہ عظیم ولد صابر زخمی ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ عظیم متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ 19 کا کارکن تھا۔

علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے،جوڑیا بازار میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 40 سالہ فرقان زخمی ہوگیا۔سولجر بازار کے علاقے گارڈن ویسٹ البیلا سگنل کے قریب کراچی حلیم کے سامنے نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے35 سالہ مقبول حسین ولد غلام حسین ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق مقتول گولیمار لیاقت چوک پیتل والی گلی میں واقع کشمیری محلے کا رہائشی تھا، اس کی ایک سال قبل شادی ہوئی اورایک شیرخوار بچی کا باپ تھا جبکہ ڈاکس تھانے کی حدود مچھر کالونی محمدی کالونی ٹی سی ایس اسکول جنگل ایریا میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے40سالہ نورکبیر بنگالی ولد عبد السلام ہلاک ہوگیا،پولیس کے مطابق مقتول ماہی گیر اور4 بچوں کا باپ تھا وہ پیپلزپارٹی کے سابق کونسلر سراج عرف سراجی کا بھانجا تھا۔




پولیس کے مطابق گینگ وارکے لیے کام کرنے والا لیاری پولیس اہلکارکا بھانجا ریاض مچھرکالونی میں جوئے کا اڈا کھولنا چاہتا تھا تاہم نورکبیر اس کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ تھا جس پر گینگ وارکے ملزمان نے اسے فائرنگ کرکیقتل کردیا مقتول ڈیکوریشن کا کام کرتا تھا واقعے کے وقت وہ رکشے میں اپنے گھر جا رہا تھا کہ تعاقب کرنے والے ملزمان نے نشانہ بنالیا، لاش گھر پہنچتے ہی نامعلوم افراد نے نیا گولیماراور ناظم آباد چورنگی پر فائرنگ کر کے تمام دکانیں اوردیگرکاروبار بند کرا دیا جبکہ علاقے میںواقع حورشادی ہال میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہاں بھگدڑ مچ گئی ۔

عیدگاہ کے علاقے لارنس روڈ کے ایم سی آفس کے قریب گھانچی پاڑہ کے رہائشی30سالہ محمد عمیرگھانچی ولد بابو گھانچی کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے زخمی کر دیا بعدازاں اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکرچل بسا، مقتول پلمبر کا کام کرتا تھا۔ نا معلوم افراد کی فائرنگ سے ماڑی پور کے علاقے حب ریور روڈ لکی موڑ پر 50 سالہ ریاض ولد سرفراز ، سچل کے علاقے غازی گوٹھ میں 25 سالہ نسیم احمد ولد سمیر، لیاقت آباد سپرمارکیٹ کے علاقے تین ہٹی کے قریب 40 سالہ اظہر زخمی ہوگیا ، نارتھ ناظم آباد بلاک این میں واقع اشرف پکوان ہاؤس کے باہر فائرنگ سے علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا۔

ناظم آباد گولیمارمیں سینٹری مارکیٹ کے قریب واقع فاروقی مسجد کے باہرنامعلوم مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ بعد مشتعل علاقہ مکین سڑک پرنکل آئے خ احتجاجاً ٹائرجلائے اور احتجاجاً فاروقی مسجد اور دیگر عمارتوں پر12ربیع الاول کے سلسلے میں لگائے گئیبرقی قمقمے بھی گل کردیے وہ دہشت گردوں کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے، علاقہ مکینوں کے احتجاج کے بعد رینجرزاورپولیس کی بھاری نفری نے پیتل گلی اورکشمیری محلے کا محاصرہ کر کے گھرگھر تلاشی شروع کردی۔

سچل کے علاقے سکندر گوٹھ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے30سالہ ارشد حسین ولد اقبال حسین ہلاک ہو گیا، پولیس کے مطابق مقتول سکندر گوٹھ کا رہائشی ہے ،مقتول کو ہوٹل کے کرائے کے تنازع پرملزمان نے قتل کیاہے۔نیو کراچی یوسف گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے30 سالہ معین ولد ایوب اور آصف زخمی ہوگئے ۔
Load Next Story