پریمیئر لیگ ناکام افتتاحی تقریب کی وجہ سے بدمزہ

جیکولین اور عاطف اسلم نے اسٹیج پر آکرآرگنائزرزکو عوام کے غیض و غضب سے بچایا

پورا پروگرام اس وقت بے ترتیبی کی نذر ہوگیا جب تقریباً45منٹ تک اسٹیڈیم میں کوئی بھی پرفارمر موجود نہیں تھا۔ فوٹو فائل

میر پور میں جمعرات کو دوسری بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا آغاز ناکام افتتاحی تقریب کی وجہ سے بدمزہ ہوگیا۔

ہر پروگرام کے بعد چند غیر شیڈول وقفوں نے تقریب کا مزہ کرکراکردیا۔ صدر ظل الرحمان نے رسمی طور پر ٹورنامنٹ کے آغاز کا اعلان کیا تھا،آتش بازی کے مظاہرے کے بعد جب مشہور بنگلہ دیشی گلوکارائیں رونا لیلیٰ اور ممتاز گاناگانے کیلیے آئیں تو تقریب بدنظمی کا شکار ہوگئی ۔ دونوں نے صرف ہونٹ ہلاکر پرفارم کیا۔

منتظمین پہلے ہی چند دیگر پرفارمرز کی عدم موجودگی کی وجہ سے پریشانی میں مبتلا تھے۔ رونا اور ممتاز کی پرفارمنس بغیر شیڈول قومی ترانے کی وجہ سے شدید بدنظمی کا شکار ہوگئی، ڈانس شوکے بعد ممتاز ماڈلز اور اداکاروں کا پیش کردہ ڈانس بھی شائقین کو پسند نہ آیا اور انھوں نے زبردست ہلڑبازی کی۔ پورا پروگرام اس وقت بے ترتیبی کی نذر ہوگیا جب تقریباً45منٹ تک اسٹیڈیم میں کوئی بھی پرفارمر موجود نہیں تھا، جسکی وجہ سے وہاں موجود لوگوں نے آرگنائزرز کیخلاف سخت نعرے بازی کی۔




تقریب کی ذمہ دار کمپنی گیم آن اسپورٹس مینجمنٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر انجان گنگولی نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ وقفہ بینڈ سنگر جیمز کی وجہ سے پیش آیا جسے ڈھاکاکے ٹریفک جام کی وجہ سے پہنچنے میں دیر ہوئی۔ جیمز آخرکار ساڑھے8 بجے اسٹیڈیم پہنچنے میں کامیاب ہوگئے اور فوراً اسٹیج پرپہنچ کر چند رسمی گانے سنائے۔

اس وقت تک وہاں بھارتی سنگر سنیدھی چوہان، سری لنکا کی ادکارہ جیکولین فرنانڈیز اور پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا کوئی پتہ نہ تھا جو پروگرام کے اسٹار پرفارمرز میں شامل تھے۔ بی پی ایل گورننگ کونسل سیکریٹری اسماعیل حیدر ملک نے کہاکہ سنیدھی اسٹیڈیم پہنچی لیکن محدود وقت کی وجہ سے پرفارم نہ کرسکی۔ آخرکار جیکولین اور عاطف نے اسٹیج پر پہنچ کر آرگنائزرز کو لوگوں کے غیض و غضب سے بچایا۔
Load Next Story