لی مارکیٹ بھتہ خوری کیخلاف دکانداروں کا احتجاجی مظاہرہ

بھتے کی پرچیاں مل رہی ہیں، رقم نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی بھی دھمکیاں دی گئی ہیں، دکاندار

لی مارکیٹ چوک پر دکانداربھتہ مافیاکے خلاف سڑک پر آگ لگا کرمظاہرہ کررہے ہیں(فوٹو ایکسپریس)

لی مارکیٹ کے دکانداروں نے بھتہ خوری کے خلاف لی مارکیٹ چوک پر احتجاج کیا ، دکانداروں کا کہنا ہے کہ بھتہ خور انھیں بھتے کی پرچیاں بھیج رہے ہیں اور نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج بھگتنے کی بھی دھمکیاں دی گئی ہیں ، اس موقع پر نامعلوم افراد نے سڑک پر ٹائر اور دیگر سامان نذر آتش کیا جس سے ٹریفک معطل ہوگیا اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں ،

اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مذاکرات کے بعد مظاہرین کو پرامن طور پر منتشر کردیا ، تفصیلات کے مطابق اولڈ سٹی ایریا میں واقع لی مارکیٹ کے دکانداروں اور پتھاریداروں نے گذشتہ روز بھتہ خوری کے خلاف لی مارکیٹ چوک پر احتجاج کیا ، اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھتہ خور انھیں بھتے کی پرچیاں بھیج رہے ہیں اور انھیں خوفزدہ کررہے ہیں ، انھوں نے کہا کہ بھتہ مافیا کی سرگرمیاں ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جارہی ہیں


جس سے دکاندار عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ہیں ، پولیس فوری طور پر انھیں تحفظ فراہم کرے ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ خوف کے ماحول میں کاروبار کرنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے ، امن و امان کی ابتر صورتحال کے باعث کاروباری حالات پہلے ہی ناموافق ہیں ، معاشی سرگرمیاں سست روی کا شکار ہیں ، ایسے حالات میں رہی سہی کسر بھتہ مافیا نے پوری کردی ،

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھتہ مافیا سے بڑے بڑے صنعتکار ، تاجر اور دکاندار کوئی بھی محفوظ نہیں، بھتہ مافیا کی آزادانہ سرگرمیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ، حکومت فوری طور پر بھتہ خوروں سے نجات دلائے ، پتھاریداروں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے پتھارا لگاتے ہیں لیکن بھتہ خوروں نے انھیں بھی نہیں چھوڑا ،

اس دوران نامعلوم افراد نے سڑک پر ٹائر اور دیگر سامان نذر آتش کیا جس سے ٹریفک معطل ہوگیا اور لی مارکیٹ کے اطراف کی سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہوگئیں جس سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ، ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور شہریوں نے متبادل راستے اختیار کیے
Load Next Story