یوم سوگ پر ووٹر لسٹوں کی تصدیق کا کام بند رہا

ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی اور پٹرول پمپ بند ہونے سے عملہ کام پر نہیں پہنچ سکا.

لیاری میں جو عملہ کام کر رہا ہے وہ وہیں کا رہائشی ہے، الیکشن کمشنر جنوبی. فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی کے قتل کے بعدکراچی میں یوم سوگ کی وجہ سے شہر کے ایک علاقے کے علاوہ باقی تمام علاقوں میں گھر گھر جاکر انتخابی فہرستوں کا کام جمعہ کو مکمل طور پر بند رہا۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کوشہر میں ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہونے کی وجہ سے گھر گھر جاکر ووٹر کی تصدیق کا کام کرنے والا عملہ نہ پہنچ سکا اور انتخابی فہرستوں کی تصدیق کا کام مکمل طو پر بند رہا،ضلعی افسران کے مطابق شہر میں یوم سوگ کی وجہ سے گھر گھر جا کرووٹرلسٹوں کی تصدیق کا کام مکمل طور پر بند رہا اور عملہ بھی ٹرانسپورٹ نہ ہونیکی وجہ سے اپنے کام پر نہ آسکا، شہر میں گذشتہ روز اچانک صورتحال خراب ہونے کی وجہ سے ابھی تک جمعرات کے کام کے متعلق بھی کچھ علم نہیں ہے کہ کتنا ہوا ہے۔




ضلع جنوبی کے الیکشن کمشنر نے بتایا کہ لیاری میں صورتحال بہتر ہونے کی وجہ سے کام معمول کے مطابق کیا گیا ہے جبکہ دیگر علاقوں کام نہیں ہوسکا،انھوں نے بتایا کہ لیاری میں جو عملہ کاکام کر رہا ہے وہ وہیں کا رہائشی ہے اس لیے گھر گھر جاکر ووٹر لسٹوں کا کام معمول کے مطابق کیا گیاہے،ضلع ملیر کے افسران کے مطابق دفتر میں کام کرنے والے اے آروز اور دیگر افسران تو حاضر ہوئے ہیں لیکن ووٹر لسٹوں کی تصدیق کا عملہ نہیں آیا جس کی وجہ سے کام نہیں کیا جاسکا، انھوں نے بتایاکہ ابھی تک گزشتہ روز کے کام کے متعلق بھی علم نہیں ہو سکا۔

انھوں نے بتایاکہ ضلع ملیر میں ابھی ووٹر لسٹوں کے ساتھ ساتھ خانہ شماری کا کام بھی جاری ہے جو کہ ابھی تک صرف 85فیصد ہی ہو سکا اور 15فیصد کام ابھی باقی ہے،واضح رہے کہ آئے روز شہر میں حالات خراب ہونے کی وجہ سے کام کافی حد تک متاثرہوچکا ہے اور مقررہ وقت پر اسے ختم کرنا سوالیہ نشان بن چکا ہے،الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آج (ہفتہ ) کو شہر کی صورتحال دیکھ کر ووٹرز کی تصدیق کے کام حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
Load Next Story