حکومت سندھ کا سرکاری کالجوں میں طلبا سے فیس نہ لینے کا اعلان

سرکاری کالجوں میں طلبہ وطالبات کی داخلہ اور امتحانی فیس حکومت سندھ ادا کریگی، صوبائی وزیر تعلیم

نقل کارجحان بدنماداغ ہے،جن امتحانی مراکزپرنقل ہوئی وہاں کے ممتحن کودوبارہ ڈیوٹی نہیں ملے گی، جام مہتاب کا ورکشاپ سے خطاب۔ فوٹو: فائل

حکومت سندھ نے سرکاری کالجوں میں طلبہ و طالبات کو سہولتیں فراہم کرتے ہوئے ان سے داخلہ فیس اور امتحانی فیس نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم وخواندگی جام مہتاب حسین ڈھر نے سرکاری کالجوں کے پرنسپلز کے لیے منعقدہ 2 روزہ تربیتی ورکشاپ سے اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے ہر طالب علم پر سالانہ 16ہزار روپے اخراجات آتے ہیں تاہم تعلیمی ادارے نتائج دینے میں ناکام ہیں جن امتحانی مراکز پر نقل کی شکایت ملے گی وہاں کے ممتحن (ایکسٹرنل) کو دوبارہ ڈیوٹی نہیں ملے گی۔

اس موقع پر سیکریٹری کالجز پرویز احمد سیہڑ، ڈائریکٹر جنرل کالجز ڈاکٹر ناصر انصار، ریجنل ڈائریکٹر کالجز اور سندھ بھر کے کالجوں کے پرنسپل موجود تھے، جام مہتاب حسین ڈھر نے خطاب میں کہا کہ سرکاری کالجوں میں طلبہ و طالبات کو مزید سہولتیں فرا ہم کرتے ہوئے ان سے داخلہ فیس اور امتحانی فیس نہیں لی جائے گی حکومت سندھ یہ فیس خود ادا کر ے گی۔ انہوں نے کہا کہ اندازے کے مطابق سرکاری تعلیمی ادا روں میں پڑ ھنے والے ہر طالب علم پر حکومت سالانہ 16 ہزار رو پے خر چ کرتی ہے تاہم اتنی کثیر رقم خرچ ہونے کے باوجود سرکاری تعلیمی ادارے مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام ہیں۔


صوبائی وزیرتعلیم نے مزید کہا کہ نقل کا رجحان مہذب معاشر ے پر بدنما داغ ہے اور اس داغ کو مٹا نے کے لیے تمام اداروں بشمو ل اساتذہ، والدین اور طلبا کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، انھوں نے کہا کہ جن مراکز پر امتحانات میں نقل کی شکایت ملے گی ان مراکز کے ایکسٹرنل اور انٹرنل کو دوبارہ ڈیوٹی نہیں دی جائے گی جب تک ہم ان بچوں کو اپنا بچہ نہیں سمجھیں گے اس وقت تک تعلیمی معیا ر بہتر نہیں ہوسکتا جب تعلیمی معیار گرتا ہے تو معاشرے میں برائیاں جنم لیتی ہیں۔

جام مہتاب نے مزید کہا کہ تعلیم کے شعبے میں خامیوں کے ہم سب ذمے دار ہیں اور یہ بات باعث افسوس ہے کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں ہمارا تعلیمی نظام اور کارکردگی بہتر نہیں ہے انھوں نے سیکریٹری کالجز کو ہدایت کی کہ جو پرنسپل ورکشاپ میںشریک نہیں ہیں ان کے خلا ف کارروائی کی جائے ۔

علاوہ ازیں صوبائی وزیر تعلیم نے جونیئر ماڈل اسکول فریئر روڈ، گورنمنٹ قمرالااسلام سکینڈری اسکول پنجاب کالونی، گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج زم زمہ گذری اور گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول عبداللہ شاہ غازی کا دورہ کیا اور ان اسکولوں میں صفائی کی ناقص صورتحال پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ایجوکیشن آفیسر عبدالکریم سمیجو کو ناقص کارکردگی پر معطل کرنے کا حکم دیا۔
Load Next Story