پرانی گاڑیوں کی درآمد انڈس موٹر کمپنی کا پیداوار بند کرنے کا اعلان

استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمداورطلب میںکمی کے باعث جولائی4اور اگست میں6 روز پیداوار بند رہے گی،پرویزغیاث

استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمداورطلب میںکمی کے باعث جولائی4اور اگست میں6 روز پیداوار بند رہے گی،پرویزغیاث۔ فوٹو رائٹرز

KARACHI:
استعمال شدہ گاڑیوں کی بڑے پیمانے پر درآمد اور مقامی سطح پر تیار کی جانے والی گاڑیوں کی طلب میں کمی کے باعث انڈس موٹر کمپنی نے جولائی اور اگست کے دوران 10روز پیداوار بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انڈس موٹر کمپنی کے سی ای او پرویز غیاث نے گزشتہ روز میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ جولائی میں 4 روز اور اگست میں 6 روز پیداوار بند رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ انڈس موٹر کی 2500سے 3000ہزار گاڑیاں اس وقت بھی مارکیٹ میں فروخت کیلیے موجود ہیں تاہم گاڑیوں کی طلب میں کمی دیکھی جارہی ہے،جولائی کا مہینہ کمپنی کی تاریخ کم ترین فروخت کا مہینہ ہے، گاڑیوں کی طلب میں کمی کی وجوہات میں سرفہرست استعمال شدہ گاڑیوں کی بڑے پیمانے پر درآمد ہے جبکہ خریداروں کی جانب سے ملکی حالات کے پیش نظر محتاط طرز عمل اختیار کرتے ہوئے نئی گاڑیوں کی خریداری محدود کرنے کا رجحان بھی گاڑیوں کی فروخت میں کمی کا سبب بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ استعمال شدہ درآمدی گاڑیوں کی تعداد انڈس موٹرز کی مجموعی پیداوار تک پہنچ گئی ہے، ملک میں ہونے والی سرمایہ کاری، روزگار کی فراہمی، ٹیکسز کی ادائیگی اور وینڈر انڈسٹری کیلیے تشویش کا مقام ہے تاہم کمپنی کی مالی پوزیشن مستحکم ہے، فروخت میں کمی کا رجحان جلد ختم ہونے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈس موٹر کمپنی نے صارفین کی سہولت کیلیے ٹویوٹا کی تمام مختلف ماڈل کی گاڑیوں پر جزوی ادائیگی کی اسکیم متعارف کرادی ہے،


یہ اقدام صارف کو ادائیگیوں میں لچک کی سہولت فراہم کرنے کیلیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خصوصاً وزارت پیداوار کی بھی یہ خواہش رہی ہے کہ آٹو کی صنعت ادائیگی کے نظام کو بہتر بنائے لہٰذا ہم ڈیلیوری کے عرصے کو کم کرنے کیلیے کام کرنے کے ساتھ ساتھ ادائیگی کی نئی اسکیم کے ذریعے صارفین کو سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ جزوی ادائیگی کیلیے قواعد وضوابط کے بارے میںبات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ترجیح انفرادی طور پر اور کاروباری اداروں کو حاصل ہوگی

جس کے تحت صارف کرولا کیلیے 2لاکھ 50ہزار روپے، ہائی لکس کیلیے 5لاکھ روپے اور درآمدی سی بی یو گاڑیوں کیلیے 10 لاکھ روپے کی ادائیگی انڈس موٹر کمپنی کے نام پے آرڈر/ ڈیمانڈ ڈرافٹ کے ذریعے گاڑی کی بکنگ کے موقع پرکر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سہولت کے غلط استعمال کو کم سے کم کرنے کیلیے بھی اقدامات کیے جار ہے ہیں جس کے تحت بکنگ کی تاریخ سے ایک سال میں صارف جزوی ادائیگی کے اس نظام کے تحت صرف گاڑی کی بکنگ کیلیے صرف ایک درخواست دے سکے گا

یعنی جزوی ادائیگی کی بنیاد پر بہت سے گاڑیوں کی بکنگ کیلیے درخواست نہیں دی جا سکے گی، اس اسکیم کا آغاز 31 جولائی سے پاکستان بھر میں ٹویوٹا کے مجاز 3Sڈیلرشپس پر کیاجا رہاہے اور کمپنی امید رکھتی ہے کہ صارفین اس اسکیم کو پذیرائی بخشیں گے۔
Load Next Story